3 جون تک پہاڑی علاقوں میں گلیشئر پگھلنے، ممکنہ خطرات کا الرٹ جاری

Jun 27, 2026 | 18:22:PM
3 جون تک پہاڑی علاقوں میں گلیشئر پگھلنے، ممکنہ خطرات کا الرٹ جاری
سورس: Google
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز )نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے 27 جون سے 3 جولائی 2026 تک گلگت بلتستان، خیبرپختونخوا اور آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں گلیشیئرز تیزی سے پگھلنے کے باعث ممکنہ خطرات سے متعلق الرٹ جاری کر دیا ہے۔

این ڈی ایم اے کے مطابق مسلسل شدید گرمی اور متوقع بارشوں کے باعث گلیشیئرز کے پگھلنے کی رفتار میں اضافہ ہو سکتا ہے، جس کے نتیجے میں دریاؤں، ندی نالوں اور گلیشیائی جھیلوں میں پانی کی سطح اچانک بلند ہونے کا خدشہ ہے۔

الرٹ میں خبردار کیا گیا ہے کہ گلیشیائی جھیلوں پر دباؤ بڑھنے سے گلیشیائی جھیل سے پانی کے اچانک اخراج (GLOF)، فلیش فلڈ، لینڈ سلائیڈنگ اور مٹی کے تودے گرنے جیسے خطرات پیدا ہو سکتے ہیں۔

این ڈی ایم اے نے ہنزہ، نگر، غذر، اسکردو، شگر، گانچھے، کھرمنگ، استور، دیامر، اپر و لوئر چترال، سوات اور ملحقہ علاقوں میں خصوصی احتیاط برتنے کی ہدایت کی ہے۔

ادارے نے گلگت بلتستان اور خیبرپختونخوا کی گلیشیئر سے ملحقہ وادیوں اور آبادیوں میں مقامی انتظامیہ کو ہائی الرٹ رہنے، گلیشیائی جھیلوں، دریاؤں اور موسمی صورتحال کی مسلسل نگرانی جاری رکھنے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام ضروری وسائل اور مشینری کی بروقت دستیابی یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔

این ڈی ایم اے نے سیاحوں، مسافروں اور مقامی افراد کو مشورہ دیا ہے کہ دریاؤں، ندی نالوں، گلیشیائی جھیلوں اور گلیشیئر سے نکلنے والے پانی کے راستوں کے قریب غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کریں اور پہاڑی علاقوں کا سفر کرنے سے قبل موسم کی تازہ صورتحال اور سرکاری ہدایات سے ضرور آگاہی حاصل کریں۔

الرٹ کے مطابق اگر پانی کی سطح میں اچانک اضافہ، پانی کے رنگ میں غیر معمولی تبدیلی یا گلیشیئر کی جانب سے غیر معمولی آوازیں سنائی دیں تو فوری طور پر متعلقہ انتظامیہ کو اطلاع دی جائے۔

این ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ ممکنہ فلیش فلڈ اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث شاہراہوں، پلوں، آبپاشی کے نظام اور دیگر بنیادی ڈھانچے کو نقصان پہنچ سکتا ہے، جبکہ بعض پہاڑی علاقوں میں رابطہ سڑکیں عارضی طور پر بند ہونے اور نشیبی آبادیوں کے متاثر ہونے کا بھی خدشہ ہے۔

دورانِ سفر شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ انتظامیہ، ٹریفک پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ہدایات پر مکمل عمل کریں۔

یہ بھی پڑھیں :آزاد کشمیر انتخابات کیلئےپاکستان پیپلز پارٹی کا سیاسی سرگرمیاں تیز کرنے کا فیصلہ