قائداعظم یونیورسٹی اسلام آباد کے لیے فوری مالی امداد کی اپیل
بڑھتے ہوئے مالی خسارے پرقابوپانے کیلئے 5 ارب کا خصوصی بیل آؤٹ پیکج منظور کیا جائے،سابق طلبہ
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)قائداعظم یونیورسٹی اسلام آبادکے سابق طلبہ نے یونیورسٹی کو سنگین مالی بحران سے نکالنے کے لیے فوری مالی امداد کی پُرزور اپیل کردی۔
قائداعظم یونیورسٹی کاشمار پاکستان کی صفِ اوّل کی جامعات میں ہوتاہے جو بین الاقوامی سطح پر بھی تسلیم شدہ اعلیٰ تعلیمی درسگاہ ہے،یونیورسٹی کے سابق طلبہ نے ایک مشترکہ بیان میں صدرِ پاکستان (بطور چانسلر قائداعظم یونیورسٹی)، وزیرِاعظم پاکستان (بطور کنٹرولنگ اتھارٹی ہائیر ایجوکیشن کمیشن) اور وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت (بطور پرو چانسلر قائداعظم یونیورسٹی) سے اپیل کی ہے کہ قائداعظم یونیورسٹی کے لئے 5 ارب روپے کا خصوصی بیل آؤٹ پیکج فوری طور پر منظور کیا جائے تاکہ یونیورسٹی کے بڑھتے ہوئے مالی خسارے پر قابو پایا جا سکے۔
انہوں نے کہاکہ قائداعظم یونیورسٹی پاکستان میں علمی برتری کی علامت ہےجس نے کئی دہائیوں سے ملک و قوم کو قائدین،محققین اور پیشہ ور افراد فراہم کیے ہیں،تاہم اب یہ ادارہ شدید مالی بحران سے دوچار ہے جو اس کی تعلیمی سرگرمیوں، تحقیقاتی کارکردگی اور طلبہ کے لئے سہولیات کو شدید خطرے میں ڈال رہا ہے۔
یونیورسٹی کے ایک سابق طالب علم نے کہاکہ مالی بحران یونیورسٹی کے بنیادی ڈھانچے، علمی وقار اور مستقبل کی ترقی کے لیے سنگین خطرہ ہے، یہ لمحہ تعلیمی عزم کو دوبارہ مستحکم کرنے اور قومی تعلیمی ادارے کی حفاظت کرنے کا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:اپنی چھت اپنا گھرپروگرام:بلاسود قرضوں کی فراہمی کاحجم بڑھا دیا گیا
سابق طلبہ نے QAU کوآرڈی نیشن کونسل کی کوششوں کو بھی سراہا اور ان کی مسلسل کاوشوں،مؤثر وکالت اور مسئلے کی سنگینی کو اجاگر کرنے پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ جب پاکستان عالمی سطح پر سائنس، تحقیق اور اعلیٰ تعلیم میں مسابقت کا خواہاں ہےتو قائداعظم یونیورسٹی جیسے اداروں کا تحفظ اور استحکام قومی ترجیح ہونا چاہیے۔