کاروباری شعبوں میں ڈیجیٹل ادائیگی کو لازمی قرار دے دیاگیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک) حکومت پنجاب نے صوبے میں کیش لیس معیشت کے فروغ کے لیے متعدد کاروباری شعبوں میں ڈیجیٹل ادائیگی کو لازمی قرار دے دیا۔
پنجاب ریونیو اتھارٹی کی جانب سے جاری سرکلر کے تحت ریستوران، ہوٹلز اور بیوٹی پارلرز سمیت سروس سیکٹر کے مخصوص کاروباروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ فوری طور پر کیو آر کوڈ پر مبنی ڈیجیٹل ادائیگی کا نظام اپنائیں۔
حکام کے مطابق اس اقدام کا مقصد معیشت کو دستاویزی بنانا، ٹیکس نظام میں شفافیت لانا اور جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے کاروباری لین دین کو آسان بنانا ہے۔
حکام کی جانب سے ہدایت کی گئی ہے کہ متعلقہ کاروباری ادارے سٹیٹ بینک آف پاکستان سے منظور شدہ کیو آر کوڈ انیبلڈ بینک اکاؤنٹ دو ہفتوں کے اندر حاصل کریں، کیو آر کوڈ ادائیگی کی سہولت مکمل طور پر فعال اور قابلِ استعمال ہونی چاہیے، کاروباری حضرات کو پابند کیا گیا ہے کہ وہ کیو آر کوڈ اپنے ادارے میں نمایاں اور آسانی سے نظر آنے والی جگہ پر آویزاں کریں تاکہ صارفین بلا جھجھک ڈیجیٹل ادائیگی کر سکیں۔
پنجاب ریونیو اتھارٹی کے مطابق ریستورانز، ہوٹلز اور بیوٹی پارلرز جیسے شعبوں میں روزانہ بڑی تعداد میں صارفین خدمات حاصل کرتے ہیں، اس لیے ان شعبوں کو جدید ڈیجیٹل نظام کی طرف منتقل کرنا ضروری ہے، ڈیجیٹل ادائیگی کے فروغ سے نہ صرف صارفین کو سہولت ملے گی بلکہ کاروباری لین دین کا مکمل ریکارڈ بھی دستیاب ہوگا، جس سے ٹیکس چوری کی حوصلہ شکنی ہوگی اور ریونیو میں اضافہ ممکن ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں: چھٹی کے باوجودایف بی آرکے دفاتر کھلے رکھنے کا فیصلہ
اعلامیے میں یہ بھی عندیہ دیا گیا ہے کہ مقررہ مدت کے اندر کیو آر کوڈ کی سہولت فراہم نہ کرنے والے اداروں کے خلاف قانونی کارروائی کی جا سکتی ہے۔