سیلاب متاثرہ افراد کو معاوضوں کی بروقت ادائیگی یقینی بنائی جائے گی، بیرسٹر سیف
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز)مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ سیلاب متاثرین میں معاوضوں کی تقسیم کا سلسلہ تیزی سے جاری ہے، تمام متاثرہ افراد کو معاوضوں کی بروقت ادائیگی یقینی بنائی جائے گی۔
بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کی ہدایت پر معاوضوں کی تقسیم کا سلسلہ تیزی سے جاری ہے، 332 شہداء کے لواحقین میں 664 ملین روپے کے چیکس تقسیم کئے جا چکے ہیں.
بونیر کے 171 شہدا کے لواحقین کو 342 ملین روپے کے چیکس دیئے گئے ہیں، جبکہ 19.5 ملین روپے کے چیکس زخمیوں میں تقسیم کئے جا چکے ہیں،انہوں نے کہا کہ سیلاب میں مکمل اور جزوی طور پر متاثرہ گھروں کے معاوضوں کی ادائیگی بھی شروع ہو چکی ہے۔
مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا کا کہنا تھا کہ مکمل تباہ گھروں کے مالکان کو 58 ملین روپے کے چیکس جاری کئے جا چکے ہیں، جبکہ جزوی طور پر متاثرہ 39 گھروں کے مالکان کو 14.5 ملین روپے کے چیکس فراہم کئے گئے ہیں، گھروں کے معاوضے کا عمل مزید تیز کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں:سیلاب نے خطرے کی گھنٹی بجا دی،پنجاب کے 7 اضلاع میں فوج طلب
صوبائی مشیر اطلاعات بیرسٹر سیف نے کہا کہ ڈیجیٹل ایپ کے ذریعے متاثرہ افراد کو فوڈ سٹامپ کی صورت میں 15 ہزار روپے دیئے جا چکے ہیں، وزیراعلیٰ کی قیادت میں صوبائی حکومت متاثرہ افراد کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، تمام متاثرہ افراد کو معاوضوں کی بروقت ادائیگی یقینی بنائی جائے گی۔