کیوں کرائیں الیکشن۔۔مریم اورنگزیب کا عمران خان سے سوال

عمران خالی کاغذ لہرا کر کتنی دیر سازش کا جھوٹا بیانیہ چلائیں گے، ان کو شرم آنی چاہئے ۔پریس کانفرنس

Apr 27, 2022 | 20:03:PM
مریم اورنگزیب۔کابینہ ۔پریس کانفرنس۔الیکشن۔نواز شریف
کیپشن: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب پریس کانفرنس کر رہی ہیں۔
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ نیشنل ایکشن پلان کا دوبارہ جائزہ لیا جارہاہے، نیکٹا کا اجلاس فوری بلایا جائےگا، کراچی واقعہ افسوس ناک ہے ،چینی شہریوں کی سکیورٹی کا از سر نو جائزہ لیا جارہا ہے، چینی باشندوں کی فول پروف سکیورٹی کو یقینی بنایا جائےگا ،عمران خان فارن فنڈنگ کا حساب دینے کے بجائے الیکشن کمیشن کو دھمکیاں دے رہے ہیں، چیف الیکشن کمشنر سے استعفے کا مطالبہ کر رہے ہیں، الیکشن کا مطالبہ کر رہے ہیں، کیوں کرائیں الیکشن، الیکشن وقت پر ہوں گے،عمران خان خالی کاغذ لہرا کر کتنی دیر سازش کا جھوٹا بیانیہ چلائیں گے،ان کو شرم آنی چاہیے، پاکستان کے عوام اس طرح کے کسی بیان پر یقین نہیں کریں گے۔
بدھ کو یہاں اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہاکہ چینی سفارتخانے کو یقین دہانی کرائی ہے کہ تفتیش جلد مکمل کرکے آگاہ کیا جائے گا۔انہوںنے کہاکہ وزیر داخلہ رانا ثنااللہ ملک کے تمام صوبوں کا دورہ کریں گے اور سکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیں گے، پہلے مرحلے میں وہ سندھ کا دورہ کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف کے دور میں نیشنل ایکشن پلان مرتب کیا گیا تھا جس کے باعث ملک میں امن برقرار ہوا تھا۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ وزیر اعظم کو لوڈشیڈنگ اور پٹرول کی صورتحال سے متعلق بریفنگ دی گئی ہے، وزیراعظم نے فوری طور پر ہدایات دی ہیں کہ ملک سے جلد لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کیا جائے۔انہوں نے کہاکہ وزیراعظم شہباز شریف نے ملک میں جاری لوڈشیڈنگ کا سخت نوٹس لیا ہے اور بہت جلد ملک سے لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کردیا جائے گا۔وزیر اطلاعات نے بتایا کہ پاور پلانٹس کی مرمت کا کام تیزی سے جاری ہے، 27 پلانٹس میں سے 7 یونٹس اور 3 پلانٹس کی مرمت کا کام جاری ہے جو جلد مکمل کرکے ملک سے لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کردیا جائے گا، اس وقت ملک میں 500 سے 200 میگا واٹ کا شارٹ فال ہے جس کو جلد دور کردیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ملک میں ڈیزل کی قلت نہیں ہے ،اس کی ذخیرہ اندوزی کے حوالے سے بھی صورتحال پر نظر رکھی جارہی ہے اور وزیر اعظم نے صورتحال کا نوٹس لیا ہے۔وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ عمران خان گزشتہ کئی سالوں سے ایک تقریر دہراتے ہیں جس میں مخالفین پر الزامات لگانے کے سوا کچھ نہیں ہوتا۔انہوں نے کہا کہ عمران خان، وزیراعظم شہباز شریف کی کارکردگی سے خوفزدہ ہیں، وہ جانتے ہیں کہ اس اتحادی حکومت کے اقدامات کے باعث عوام کو ریلیف ملے گا تو لوگ ان کی شکل بھی بھول جا ئیں گے۔ انہوں نے کہاکہ میٹرو منصوبہ 4 سال سے بند پڑا تھا،وزیراعظم نے 4 دن میں بحال کیا،بند بجلی کے کارخانے دو ہفتے میں بحال کئے،عمران خان الیکشن کمیشن کو دباو¿ میں لانے کی کوشش کر رہے ہیں،عمران خان کو ن لیگ کی مقبولیت کی وجہ سے پریشانی لاحق ہے۔ انہوں نے کہاکہ آٹا،چینی،بجلی اور گیس گزشتہ حکومت کی نااہلی کی وجہ سے مہنگی ہوئی۔ انہوںنے کہاکہ نواز شریف کے دور میں ملک میں امن قائم کیا گیا تھا۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان کے دور حکومت میں میڈیا کی زبان بندی کی گئی، صحافیوں پر حملے کیے گئے، صحافیوں کو بےروزگار کیا گیا، ان کے پروگرام بند کئے گئے، صحافیوں کو دھونس، دھمکی اور غنڈہ گردی کا نشانہ بنایا گیا۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کے دور میں سنسرشپ نافذ کی گئی، ان کے دور میں پاکستان میڈیا ڈیولپمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی کا متنازع قانون نافذ کرنے کی کوشش کی گئی۔انہوںنے کہاکہ عمران خان لیکچر دے رہے ہیں کہ میرے دور میں یہ ہوتا تھا یہ نہیں ہوتا تھا، آپ کے دور میں کشمیر پر مودی نے قبضہ کیا، آپ نے کشمیر فروشی کی۔انہوںنے کہاکہ آپ نے مخالفین کے خلاف جھوٹے الزامات لگائے، جھوٹے مقدمات بنائے، ان کو جیلوں میں ڈالا مگر کوئی کرپشن ثابت نہیں کرسکے۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ سابق سربراہ ایف آئی اے نے کہا ان لوگوں پر کیس نہیں بننتے جن پر مقدمات بنانے کا عمران خان مطالبہ کر رہے تھے تو انہوں نے شہزاد اکبر کی سربراہی میں مخالفین کو نشانہ بنانے کے لئے ایسٹس ریکوری یونٹ بنا دیا۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کو بلیک آﺅٹ پاکستان کے عوام کر رہے ہیں، ان کا بلیک آؤٹ ان کی بری کارکردگی، ان کی نا اہلی اور نالائقی کے باعث ہو رہا ہے۔انہوںنے کہاکہ عمران خان ایک سادہ کاغذ لہرا لہرا کر سازش کی بات کر رہے ہیں، وہ یہ کاغذ اس لئے لہرا رہے ہیں کیونکہ ان کی کارکردگی کا صفحہ خالی ہے، آپ کتنی دیر تک یہ کاغذ لہرا لیں گے، پاکستان کے عوام اچھی طرح اس کی حقیقت جانتے ہیں کہ خالی کاغذ لہرا رہے ہیں کیونکہ کارکرگی بتانے کےلئے ایک لائن بھی نہیں ہے، ایک کروڑ نوکریوں میں سے ایک نوکری نہیں ہے، 50 لاکھ گھروں میں سے ایک گھر بھی نہیں ہے، ایک میگا واٹ بجلی بنانے کی کارکردگی درج نہیں ہے۔انہوں نے کہاکہ عمران خان خالی کاغذ لہرا کر کتنی دیر سازش کا جھوٹا بیانیہ چلائیں گے، ان کو شرم آنی چاہئے۔ پاکستان کے عوام اس طرح کے کسی بیان پر یقین نہیں کریں گے۔انہوں نے کہا کہ اگر عمران خان نے ملک میں سیاست کرنی ہے تو ان کو اپنی کارکردگی بتانی پڑے گی۔انہوںنے کہاکہ عمران خان ایک بار پھر کنٹینر پر چڑھ گئے ہیں۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ پاکستان کے عوام عمران خان کی نا اہلی کے باعث مہنگائی کا عذاب بھگت رہے ہیں۔وزیر اطلاعات نے بتایا کہ وفاقی کابینہ نے ای او بی آئی کے چیئرمین کی خدمات اسٹیبلمنٹ ڈویژن کے سپرد کردی گئی ہے جبکہ عاصم احمد کو چیئرمین ایف بی آر مقرر کردیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں۔سیاسی بحران۔۔سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کا عمران خان کو بڑا مشورہ