پنجاب کابینہ کی جانب سے فنکاروں کیلئے 50 کروڑ کے انڈوومنٹ فنڈ کی منظوری

Sep 26, 2023 | 19:59:PM
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی سے فنکاروں کے وفد نے ملاقات کی جہاں وزیراعلیٰ نے ان کے مسائل سنے اور ان کے حل کیلئے یقین دہانی کروائی۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب کابینہ کی جانب سے فنکاروں، گلوکاروں اور دیگر آرٹسٹ کیلئے 50 کروڑ کا انڈوومنٹ فنڈ قائم کرنے کی منظوری دی ہے جس سے فن سے وابستہ تمام افراد مستفید ہوں گے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ آرٹسٹ کی کوئی پنشن نہیں، بڑھاپے میں بھی وہ محنت کرتا ہے، ہم فنکاروں کی فلاح و بہبود چاہتے ہیں اور اس حوالے سے قابلِ عمل سفارشات کا جائزہ لیں گے۔

وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ ہمارے فنکاروں اور گلوکاروں نے بین الاقوامی سطح پر ملک کا نام روشن کیا ہے، ڈرامہ اور فلم انڈسٹری سے جُڑے سب لوگ ہمارے لیے بہت اہم ہیں۔

انہوں اسسٹیج ڈراموں کے حوالے سے کہا کہ نازیبا رقص کے باعث سٹیج ڈرامہ پر پابندی عائد کی، ہمارا مقصد ڈرامہ انڈسٹری کو کسی قسم کا نقصان پہنچانا نہیں بلکہ اصلاح کرنا ہے اور اس حوالے سے ایس او پیز بنائے جارہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیے: مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر مریم نواز پاکستان پہنچ گئیں 

اس موقع پر فنکاروں کے وفد نے پنجاب کابینہ کی جانب سے 50 کروڑ روپے کے انڈوومنٹ فنڈ کے قیام پر وزیراعلیٰ محسن نقوی، صوبائی وزیرعامر میر اور دیگر وزراء کا شکریہ ادا کیا۔

فنکاروں کے اس وفد میں اداکارہ ریشم، اورنگ زیب لغاری، راشد محمود، کلیم پرویز، شہزاد رفیق، حسن مراد، افتخار ٹھاکر، گوشی خان، عارف لوہار، وارث بیگ، ترنم ناز، ایوب خاور، ناصر ادیب، نعیم طاہر، جاوید رضوی، روحی خان، پرویز رضا، ذوالفقار علی اور دیگر شامل تھے۔

صوبائی وزیر اطلاعات وثقافت عامر میر، ایڈیشنل چیف سیکرٹری، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، سیکرٹری اطلاعات و ثقافت، ایگزیکٹو ڈائریکٹر لاہور آرٹس کونسل اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔