پاکستان ریلوے کا شدید دھند کیلئے جدید سسٹم متعارف 

Oct 26, 2023 | 09:20:AM
پاکستان ریلوے نے شدید دھند میں ٹریک کو کلیئر دکھانے والا جدید ترین سسٹم متعارف کروادیا ہے
کیپشن: فائل فوٹو
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک) پاکستان ریلوے نے شدید دھند میں ٹریک کو کلیئر دکھانے والا جدید ترین سسٹم متعارف کروادیا ہے

تفصیلات کے مطابق پاکستان ریلوے کے انجینئرز نے یو ای ٹی کے انجینئرز کے ساتھ مل کر ایک ایسا "ڈیجیٹل ریلوے ڈرائیونگ سسٹم” تیار کرلیا ہے جو نہ صرف حادثات سے روک تھام میں ایک اہم پیش رفت ہے بلکہ یہ سسٹم ٹرین ڈرائیورز کو سخت دھند اور دھوئیں(اسموگ) کی صورت میں بھی ٹریک کو 700 میٹر تک صاف دکھاتا ہے۔

اس سسٹم کا کامیاب ٹرائل کیا جاچکا ہے اور ابتدائی طور پر اس کو چار انجنوں میں انسٹال کیا جائے گا، رواں سال ہی یہ تعداد بڑھائی جائے گی اور درجہ بہ درجہ اس کا دائرہ کار تمام ٹرینوں تک بڑھا دیا جائے گا۔

چیف ایگزیکٹو آفیسر پاکستان ریلویز شاہد عزیز نے ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ ریلوے لاہور محمد حنیف گل کے ہمراہ ٹرین ڈرائیور معاون سسٹم کا افتتاح کیا۔ ’ٹرین ڈرائیور معاون سسٹم‘ کا آغاز لاہور سے کراچی جانے والی کراچی ایکسپریس سے کیا گیا۔

یہ سسٹم یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے الخوازمی انسٹیٹیوٹ کے تعاون سے بنایا گیا ہے۔ ڈرائیور معاون سسٹم شدید دھند میں 700 میٹر تک بغیر کسی رکاوٹ کے ڈرائیور کو کلیئر راستہ دکھائے گا۔

اس کے علاوہ ڈیجیٹل سسٹم 700 میٹر تک سگنلز، لیول کراسنگز، گیٹس، ٹریس پاسنگ کے علاوہ دیگر خطرات کی بھی نشاندہی کرے گا۔

افتتاح کے موقع پر چیف سگنل اینڈ ٹیلی کام انجینئر محمد احمد، پروجیکٹ ڈائریکٹر طارق عزیز، چیف آپریٹنگ سپرنٹنڈنٹ سیفٹی محمد علی چاچڑ، چیف مکینیکل انجینئر لوکو غلام قاسم سمیت ڈویژنل و اسسٹنٹ افسران بھی موجود تھے۔

مزید پڑھیں:  امریکی شہر لیوسٹن میں فائرنگ، 22 افراد ہلاک، 60سے زائد زخمی

سی ای او ریلویز شاہد عزید کا کہنا تھا کہ ٹرین ڈرائیور معاون سسٹم سے دھند کے دنوں میں ٹرینوں کی وقت پر آمد و رفت میں بہتری آئے گی اور سسٹم سے شدید دھند کے دنوں میں حادثات کی روک تھام میں بھی مددگار ثابت ہوگا جبکہ یہ سسٹم پاکستان ریلویز میں ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ کے لیے سنگ میل ثابت ہوگا۔