ملک میں فوری نئے انتخابات کرائے جائیں ، سراج الحق 

Jun 26, 2022 | 18:44:PM
جماعت اسلامی، امیر سراج الحق، فوری نئے انتخابات،
کیپشن: سراج الحق، فائل فوٹو
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز)جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے بھی ملک میں فوری نئے انتخابات کا مطالبہ کرتے ہوئے کہاہے کہ ملک میں الیکشن فوری ہونے چاہئیں تاہم الیکشنز سے پہلے انتخابی اصلاحات ضروری ہیں۔
مہنگائی کیخلاف ٹرین مارچ میں روانگی سے پہلے ملتان ریلوے سٹیشن پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ نہریں خشک ہو چکی ہیں، فصلیں تباہ ہو رہی ہیں، ملک میں بیروزگاری عروج پر ہے، نوجوان ڈگریاں جلا رہے ہیں، رشوت اور سفارش کے بغیر نوکری نہیں ملتی۔
امیر جماعت سلامی کا کہنا تھا کہ روز نئے ٹیکسز لگائے جا رہے ہیں، حکمرانوں کے اپنے بینک اکاﺅنٹس بڑھتے جا رہے ہیں، پٹرول گیس بجلی اور کھانے پینے کی اشیا سب مہنگی ہو چکی ہیں۔ حکومت نے عوام کو نچوڑ کر آئی ایم ایف کو خوش کیا ہوا ہے۔ اسمبلیوں میں پیٹرول مافیا اور ڈرگ مافیا بیٹھے ہیں، عوام کا کسی کو خیال نہیں ۔
سراج الحق نے کہا کہ 14 سال سندھ پر پیپلزپارٹی جبکہ 9 سال سے کے پی کے میں عمران خان بیٹھا ہے تاہم پنجاب میں وزیر اعظم شہباز شریف کے بیٹے حمزہ شہبا ز کی حکومت ہے جبکہ مرکز میں پی ڈی ایم ہے یہ جماعتیں سرکاری وسائل سے جلسے کرتی ہیں اور روڈ بلاک کر کے عوام کو تکلیف پہنچاتی ہیں عوام کیساتھ غلاموں جیسا برتاو رکھا جا رہا ہے عوام پسینہ بہا کر خزانہ بھرتی ہے اور یہ مافیا اس خزانے پر سانپ بن کر بیٹھے ہیں،کروڑوں روپے الیکشن پر لگا کر اسمبلیوں میں پہنچتے ہیں اور پھر لوٹ مار اور کرپشن کرتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اسٹیبلشمنٹ پہلے نواز شریف کو لائی پھر اسکو نکالا تو عمران خان آیا اب و ہ بھی یہی کہہ رہا ہے مجھے کیوں نکالا، ملک میں اس وقت ڈمی حکومت اور ڈمی اپوزیشن ہے، وفاقی شرعی عدالت نے سودی نظام کو ختم کرنے کیلئے فیصلہ دے دیا ہے یہ ایک خوش آئند بات ہے لیکن وفاقی حکومت اب اس فیصلے کیخلا ف سپریم کورٹ جا رہی ہے ، سودی نظام کے خاتمے کیلئے شرعی عدالت کے فیصلے کو چیلنج کیا گیا تو حکومت کیخلاف ہر ممکن مزاحمت کریں گے، سودی نظام اب مغرب میں بھی ختم ہو رہا ہے تو یہاں بھی اس کو ختم کیا جانا چاہئے۔

یہ بھی پڑھیں: سعودی عرب سے ادھار تیل کی خریداری میں توسیع کا امکان