کسی مجرم یا مطلوب ملزم کو ہر گز پاسپورٹ جاری نہ کیا جائے ، وزیر داخلہ محسن نقوی کی ہدایت
Stay tuned with 24 News HD Android App
( اویس کیانی)وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وفاقی وزیر اوورسیز پاکستانیز سالک حسین کی زیر صدارت خصوصی اجلاس ہوا ، اجلاس میں پاکستانیوں کیلئے سپینش ریذیڈنٹ کارڈ کے حصول کے حوالے سے پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری، وفاقی سیکرٹری داخلہ، سیکرٹری اوورسیز پاکستانیز، ڈی جی ایف آئی اے،ایڈیشنل سیکرٹری وزارت خارجہ،ایم ڈی او پی ایف، نادرا اور پاسپورٹ کے اعلی حکام نے اجلاس میں شرکت کی،سپین میں پاکستان کے سفیر ڈاکٹر ظہور احمد، قونصل جنرل بارسلونا محمد علی وزیر اور کمیونٹی ویلفیئر اتاشی بذریعہ زوم اجلاس میں شریک ہوئے۔
وفاقی وزیر اوورسیز پاکستانیز سالک حسین نے کہا سپین کی اس سکیم سے دیگر ممالک کے علاوہ تقریبا 15 ہزار پاکستانی فائدہ اٹھائیں گے جس پر انہوں نے سپین میں مقیم پاکستانیوں کو بھرپور سپورٹ فراہم کرنے پر وزیر داخلہ کا شکریہ ادا کیا۔
سپین میں غیر قانونی تارکین وطن کو قانونی حیثیت دینے کیلئے رجسٹریشن کے آغاز سے قبل پاکستانیوں کو پاسپورٹ اور دیگر کاغذات ایک ہفتے میں جاری کئے جائیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: کفایت شعاری مہم:ورک فرام ہوم، سندھ کابینہ کا 3 ماہ کی تنخواہ نہ لینے کا فیصلہ
محسن نقوی نے کہا مجرم یا مطلوب ملزم کو ہر گز پاسپورٹ جاری نہ کرنے اور سفارت خانے کو پاسپورٹ سیکشن کیلئے اضافی عملہ فوری فراہم کرنے کی ہدایت کی جبکہ نیشنل پولیس بیورو کی جانب سےکریکٹر سرٹیفکیٹ کی تصدیق کو سہل اور تیز کیا گیا ہے۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ پولیس کریکٹر سرٹیفکیٹ ترجیحی بنیادوں پر جاری کئے جا رہے ہیں، سپین میں پاکستان کے سفیر ڈاکٹر ظہور احمد اور قونصل جنرل بارسلونا نے وفاقی وزیر داخلہ کو تفصیلی بریفنگ بھی دی۔
انہوں نے کہا کہ تمام ادارے پاکستانیوں کو ضروری دستاویزات کی بروقت دستیابی کیلئے ملکر کام کر رہے ہیں، کیریکٹر سرٹیفیکیٹ اور پاسپورٹ کے اجرا میں نمایاں تیزی آئی ہے، پاکستانی سفارتخانہ اور قونصل جنرل ابتک دس ہزار افراد کو اتھارٹی لیٹر جاری کر چکا ہے۔