آج سے 27 جنوری تک شدید بارشوں اور برفباری کے نئے سلسلے کی پیشگوئی

بالائی علاقوں میں برفباری کا سلسلہ تھم گیا، سڑکوں پر کئی کئی فٹ برف موجود،ہٹانے کیلئے ریسکیو آپریشن جاری

Jan 25, 2026 | 09:07:AM
آج سے 27 جنوری تک شدید بارشوں اور برفباری کے نئے سلسلے کی پیشگوئی
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

( 24نیوز)محکمہ موسمیات نے خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں آج سے شدید بارشوں اور برفباری کے نئے سلسلے کی پیشگوئی کر دی ۔
 رپورٹ کے مطابق 27 جنوری تک دونوں صوبوں میں مغربی ہواؤں کا نیا سسٹم داخل ہونے کا امکان ہے، جس کے باعث مختلف علاقوں میں موسمی صورتحال خراب ہو سکتی ہے۔
خیبر پختونخوا کے بالائی اضلاع چترال، دیر، سوات، شانگلہ اور کوہستان میں شدید بارش اور برفباری متوقع ہے، جبکہ ہری پور، پشاور، مردان، نوشہرہ اور کوہاٹ میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
 ناران، کاغان، کالام اور چترال میں برفباری کے باعث سڑکیں بند ہونے اور پھسلن کا خدشہ ہے، حکام نے بالائی اضلاع میں لینڈ سلائیڈنگ اور برفانی تودے گرنے کے خطرے سے بھی خبردار کیا ہے۔
دوسری طرف بلوچستان میں بھی مزید برفباری اور بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے، کوئٹہ، زیارت، چمن، پشین، قلعہ سیف اللہ اور قلعہ عبداللہ میں برفباری متوقع ہے جبکہ گوادر، خضدار، آواران، چاغی، پنجگور اور کیچ میں تیز ہواؤں کے ساتھ موسلادھار بارش کا امکان ہے، قلات، سوراب، ژوب، خاران، مستونگ، واشک، نوشکی اور موسیٰ خیل میں بھی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
حکام نے شہریوں اور مسافروں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے، غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور موسمی صورتحال کے پیش نظر الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:پاک فوج خیبرپختونخوا میں جہاد کر رہی ، صوبائی حکومت کا کوئی کردار نہیں:خواجہ آصف
 دو روز قبل کی برف باری کے بعد قلات شہر اور گردونواح میں خون جمادینی والی سردی کی لہر برقرارہے،گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران قلات میں پارہ منفی 8-تک گرگیا،سخت سردی سے معمولات زندگی متاثر اورسڑکیں سنسان ہوگئیں،شدید سردی کی وجہ لوگ گھروں میں محصور ہوکررہ گئے۔

دوسری طرف ملک کے بالائی علاقوں میں برفباری کا سلسلہ تھم گیا، سڑکوں پر کئی کئی فٹ برف موجودہے جسے ہٹانے کےلئے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔
کاغان شہر تک سڑک کلیئر کردی گئی ، شوگران میں پھنسے سیاحوں کوبھی ریسکیو کرلیا گیاجبکہ لوئر دیر اور کرم میں گاڑیوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کردیا گیاہے۔
گزشتہ کئی روز سے وقفے وقفے سے جاری برفباری کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا،کشمیر، گلگت بلتستان، خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے مختلف مقامات پر کئی کئی فٹ برف موجود ہے جس کے باعث رابطہ سڑکیں بند ہیں، اپر ہزارہ ڈویژن کے تمام اضلاع میں ریسکیو آپریشن جاری ہے۔
 کالام، مالم جبہ اور گبین جبہ میں برف ہٹانے کا عمل جاری ہے، لوئر دیر اور کرم میں بھی ریسکیو اینڈ ریلیف آپریشن جاری ہے، استور میں برف باری کے بعد نظام زندگی مفلوج ہوگیا، استور ویلی روڈ بحال نہیں ہوسکا، ہنزہ میں زلزلہ متاثرہ علاقے چیپورسن میں تیز ہواؤں اور سردی سے متاثرین کی مشکلات میں اضافہ ہوگیا  جس کے باعث متاثرین دیگر علاقوں میں منتقل ہوگئے۔
شمالی بلوچستان اور بالائی سرحدی علاقوں میں سائبیرین ہواؤں کے باعث ریکارڈ توڑ سردی سے معمولاتِ زندگی شدید متاثر ہوگئے۔

کراچی میں سردی کی لہر کب تک جاری رہے گی؟ محکمہ موسمیات نے اس حوالے سے بھی اہم پیشگوئی کردی ہے۔
شہر قائد میں ٹھنڈی ہواؤں سے موسم سرد اور خشک ہو گیا ہے، دن بھر آج بھی موسم سرد اور وقفے وقفے سے تیز ہوائیں چل سکتی ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق حالیہ سردی کی لہر جنوری کے اختتام تک جاری رہے گی، شہر میں فی الحال بارش کا کوئی امکان نہیں ہے، ہوا میں نمی کا تناسب اس وقت 48 فی صد ہے، اور شمال مشرق سے 20 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں۔
دوسری طرف بلوچستان میں چمن شہر اور گرد و نواح میں یخ بستہ ہوائیں چلنے سے سردی میں اضافہ ہو گیا ہے، چمن کا درجہ حرات نقطہ انجماد سے کئی درجے نیچے جا کر منفی 2 سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، توبہ اچکزئی میں منفی 8، خواجہ عمران میںمنفی 7 اور کوژک ٹاپ میں منفی 6 سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
۔۔۔۔