کیوں نہ آج شملہ مرچ، ٹماٹر اور آلو کے دُورکے کزن بینگن کی منفرد ڈش’’ بگھارے بینگن‘‘ بنائیں
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک) بینگن کوئی چار ہزار سال پہلے اس خطّے میں دریافت کیا گیا، بہت سوں کا خیال ہے کہ یہ ایک سبزی ہے لیکن ماہر نباتات اسے پھل میں شمار کرتے ہیں، شملہ مرچ، ٹماٹر اور آلو کا دور کا کزن برصغیر اور میڈیٹرینین میں بینگن کو ایک ٹھنڈی تاثیر والی سبزی سمجھا جاتا ہے، ٹھیک اسی طرح قدیم چینی کلچر میں بھی اسے پانی پر مشتمل سبزی کہا جاتا تھا جو کہ زود ہضم اور اپنے اندر ٹھنڈی اور نم توانائی رکھتی ہے۔
آج ہم آپ کو بگھارے بینگن بنانے کی آسان ترکیب بتاتے ہیں جس پر عمل کرتے ہوئے آپ اسے گھر میں آسانی کے ساتھ بنا سکتے ہیں۔
بگھارے بینگن بنانے کیلئے درکار اجزا:
بینگن6 عدد، ناریل (کدوکش کیا ہوا) 2 بڑے چمچے، تل 2؍ چھوٹے چمچے، مونگ پھلی 2 بڑے چمچے، پیاز (کٹی ہوئی) ایک عدد درمیانی، املی (گرم پانی میں بھگو لیں) حسب ِ منشا، لال مرچ حسب ِ ذائقہ، نمک حسب ِ ذائقہ، زیرہ پاؤڈر آدھے سے ایک چھوٹا چمچہ، ہلدی ایک چوتھائی چھوٹا چمچہ، ادرک (کٹا ہوا) ایک بڑا چمچہ، لہسن (کٹا ہوا) ایک بڑا چمچہ۔
بگھارے بینگن بنانے کا طریقہ
سب سے پہلے تل، ناریل اور مونگ پھلی کو بھون کر پیس لیں اور الگ رکھ دیں، ایک چوتھائی سے آدھا کپ تیل میں بینگن تل لیں۔
خیال رہے کہ ان کی شکل نہ بگڑے اور وہ آدھے گل جائیں۔ تلنے کے بعد انہیں بھی الگ رکھ دیں۔
اب اسی تیل میں پیاز کو سنہرا ہوجانے تک فرائی کریں، اسی میں ادرک اور لہسن ڈال کر ایک منٹ تک فرائی کریں۔
پسا ہوا مکسچر اور مسالے شامل کرکے کچھ منٹ تک بھونیں، پھر اس میں املی کا پانی اور ساتھ ہی بینگن بھی ڈال دیں۔
10؍ سے 15؍ منٹ تک یا جب تک بینگن گَل نہ جائیں اور تیل الگ نہ ہوجائے تب تک پکائیں، ہرا دھنیا چھڑک کر کھانے کیلئے پیش کریں۔