پاکستان خطے کے امن کیلئے اپنا تعمیری اور فعال کردار ادا کرتا رہے گا:دفتر خارجہ
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)ترجمان دفتر خارجہ طاہر حسین اندرابی نے کہا ہے کہ ایران کے صدر نے گزشتہ روز وزیراعظم شہباز شریف کی دعوت پر پاکستان کا ایک روزہ خصوصی دورہ کیا، جس کے دوران انہوں نے صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم سے اہم ملاقاتیں کیں۔
ہفتہ وار نیوز بریفنگ میں ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ وزیراعظم سے باضابطہ ملاقات کے دوران دونوں ممالک کی قیادت نے پاک ایران تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ کے عزم کا اعادہ کیا۔
طاہر حسین اندرابی نے کہا کہ سوئٹزرلینڈ کے علاقے برگن اسٹاک میں ایران اور امریکا کے درمیان پاکستان کی ثالثی میں مذاکرات کا انعقاد ہوا، جبکہ 21 جون کو مذاکرات کا دوسرا دور بھی منعقد کیا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ ان مذاکرات میں پاکستان کی نمائندگی وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کی۔
ترجمان کے مطابق مذاکرات کے اگلے مرحلے کے لیے 3 خصوصی تکنیکی ورکنگ گروپس تشکیل دیے گئے ہیں، پہلا گروپ ایران کے جوہری پروگرام سے متعلق معاملات کا جائزہ لے رہا ہے جبکہ دوسرا گروپ پابندیوں اور منجمد اثاثوں کے مسائل پر کام کر رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:کرکٹ کی تاریخ کا ایک اور باب بند!سابق فاسٹ بولر دنیا سے رخصت
انہوں نے مزید بتایا کہ تیسرا ورکنگ گروپ لبنان کی صورتحال اور اس سے متعلق امور کا جائزہ لے رہا ہے، ترجمان کا کہنا تھا کہ ان گروپس کی سفارشات کی روشنی میں مذاکرات کے آئندہ مراحل کو آگے بڑھایا جائے گا۔
طاہر حسین اندرابی نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن، استحکام اور سفارتی حل کے فروغ کے لیے اپنی تعمیری کوششیں جاری رکھے گا اور تمام فریقین کے درمیان مکالمے اور تعاون کی حمایت کرتا رہے گا۔
طاہر حسین اندرابی نے بتایا کہ ایران اور امریکا کے درمیان ہونے والے رابطوں کے دوران باہمی دلچسپی کے متعدد امور اور اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، ان کا کہنا تھا کہ اس پیشرفت کو خطے میں کشیدگی کم کرنے اور سفارتی حل کی جانب ایک اہم قدم کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مختلف ممالک نے خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے پاکستان کے کردار کو سراہا ہے، عالمی برادری کی جانب سے پاکستان کی سفارتی کوششوں اور تعمیری کردار کی ستائش کا خیرمقدم کرتے ہیں اور پاکستان مستقبل میں بھی علاقائی امن کے قیام کے لیے فعال اور مثبت کردار ادا کرتا رہے گا۔
مزید پڑھیں:پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی؟حکومت نے بڑا قدم اٹھا لیا
ترجمان نے ثالثی کے عمل میں پاکستانی میڈیا کے کردار کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ قومی میڈیا نے حساس سفارتی پیشرفت کے دوران ذمہ داری، احتیاط اور پیشہ ورانہ طرزِ عمل کا مظاہرہ کیا، جس سے امن کوششوں کو تقویت ملی۔
انہوں نے بتایا کہ مذاکراتی عمل کے اگلے مراحل میں پاکستان اور قطر کی تکنیکی ٹیمیں امریکا اور ایران کی متعلقہ تکنیکی ٹیموں کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہیں گی تاکہ مختلف امور پر پیشرفت کو یقینی بنایا جا سکے اور ورکنگ گروپس کے کام میں سہولت فراہم ہو۔
طاہر حسین اندرابی کے مطابق 21 جون کو پاکستان، مصر، سعودی عرب اور ترکیہ کے وزرائے خارجہ کا ایک اہم اجلاس بھی منعقد ہوا، جس میں اسلام آباد مفاہمتی یادداشت اور سوئٹزرلینڈ کے علاقے برگن اسٹاک میں ہونے والے مذاکرات کے نتائج اور آئندہ لائحہ عمل پر غور کیا گیا۔
مزید پڑھیں:پرواز کارڈ کے تحت تربیت یافتہ نوجوانوں کو بیرون ملک روزگار کے مواقع میسر آسکیں گے:مریم نواز
ترجمان دفتر خارجہ نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ صومالیہ کے ساحلی علاقے میں چند پاکستانی شہریوں کو یرغمال بنائے جانے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں، پاکستان اس معاملے پر صومالیہ کے حکام اور متعلقہ اداروں کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے اور یرغمال پاکستانیوں کی محفوظ بازیابی کے لیے سفارتی اور قونصلر سطح پر تمام ممکنہ اقدامات کیے جا رہے ہیں۔