لیونل میسی کا بین الاقوامی فٹبال سے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ

Jul 24, 2026 | 14:28:PM
 لیونل میسی کا بین الاقوامی فٹبال سے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک)ارجنٹینا کے عالمی شہرت یافتہ فٹبالر لیونل میسی نے بین الاقوامی فٹبال سے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ کر لیا۔ 

غیر ملکی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق میسی آئندہ چند ماہ تک قومی ٹیم کی نمائندگی جاری رکھیں گے تاکہ ٹیم کو سنبھلنے کا موقع مل سکے تاہم وہ مستقبل میں کسی اور عالمی کپ میں شرکت نہیں کریں گے۔

واضح رہے کہ 39 سالہ میسی نے 2026ء فیفا ورلڈ کپ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 8 گول اور 4 گول میں مدد فراہم کی تھی جس کے باعث وہ ٹورنامنٹ کے دوسرے بڑے گول اسکورر رہے، فائنل میں اسپین کے ہاتھوں ارجنٹینا کی شکست کے بعد انہوں نے اپنے مستقبل کے بارے میں کوئی اعلان نہیں کیا تھا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ارجنٹینا فٹبال ایسوسی ایشن میسی کے اعزاز میں ایک خصوصی اور شاندار الوداعی میچ منعقد کرنے کی منصوبہ بندی کر رہی ہے تاکہ شائقین اپنے عظیم ترین کھلاڑی کو یادگار انداز میں خراجِ تحسین پیش کر سکیں۔

فٹبالر میسی کا بین الاقوامی کیریئر کئی نشیب و فراز سے بھرپور رہا، متعدد فائنلز میں ناکامیوں اور شدید تنقید کے بعد انہوں نے ارجنٹینا کو تاریخ کے کامیاب ترین دور میں پہنچایا۔ 

ان کی قیادت میں ارجنٹینا نے 2021ء میں کوپا امریکا، 2022ء فائنلسیما، 2022ء فیفا ورلڈ کپ اور 2024ء کوپا امریکا کے ٹائٹل جیتے جبکہ 2026ء فیفا ورلڈ کپ کے فائنل تک بھی رسائی حاصل کی۔

یہ بھی پڑھیں: ایشین گیمز 2026، پاکستان اور بھارت کو براہِ راست ناک آؤٹ مرحلے میں انٹری مل گئی

میسی کی بین الاقوامی فٹبال سے رخصتی محض ایک اعلان تک محدود نہیں ہو گی بلکہ ان کے شاندار کیریئر کے شایانِ شان ایک تاریخی الوداعی تقریب کا اہتمام کیا جائے گا۔

دوسری جانب ارجنٹائن کے فٹبال لیجنڈ لیونل میسی کے بارے میں ایک حیران کن پیشگوئی ہوئی ہے کہ وہ آئندہ پانچ برس کے اندر ارجنٹائن کے صدر بن سکتے ہیں۔

چینی ماہر تعلیم اور تجزیہ کار جیانگ شوئیکن نے یہ دعویٰ متنازع آن لائن کانٹنٹ کریئٹر سنیکو کے کِک پلیٹ فارم پر ایک گفتگو کے دوران کیا، جس میں انہوں نے کہا کہ لیونل میسی ارجنٹائن کے صدارتی انتخابات میں حصہ لیں گے اور آسانی سے کامیاب ہو جائیں گے۔  
انہوں نے مزید بتایا کہ فٹبالر 20 برس تک اقتدار میں رہ سکتے ہیں کیونکہ لوگ انہیں پسند کریں گے اور غلط فیصلے کرنے پر بھی معاف کر دیں گے۔

یہ پیشگوئی ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب میسی نے 39 برس کی عمر میں ارجنٹائن کو مسلسل دوسری بار فیفا ورلڈ کپ کے فائنل تک پہنچایا اگرچہ فائنل میں اسپین کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا، تاہم شائقین کے نزدیک ان کی حیثیت بدستور ناقابلِ تردید ہے۔

مزید پڑھیں: بلوچستان کے عوام کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی:وزیراعظم شہباز شریف

واضح رہے کہ لیونل میسی کی جانب سے سیاست میں آنے یا صدارتی انتخابات میں حصہ لینے کا کوئی اعلان نہیں کیا گیا، اور یہ دعویٰ محض ایک تجزیہ کار کی ذاتی پیشگوئی ہے، جس کی آزادانہ طور پر تصدیق نہیں ہوئی ہے۔