روسی حملے کا خطرہ۔۔امریکی سفارتکاروں کی فیملیوں کا یوکرین چھوڑنے کا حکم

Jan 24, 2022 | 19:04:PM
امریکا ، روس، یوکرین، جھنڈے
کیپشن: امریکا ، روس اور یوکرین کے جھنڈے (فائل فوٹو)
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(مانیٹرنگ ڈیسک)امریکی حکومت نے روسی فوجی کارروائی کے مسلسل خطرے کے پیش نظر  یوکرین کے دارالحکومت کیف میں اپنے سفارت کاروں کے اہل خانہ کو فوری ملک  چھوڑنے کا حکم دیدیا۔ اس نے یوکرین میں موجود تمام امریکی شہریوں پر بھی ملک سے نکل جانے پر غور کرنے کو کہا ہے۔

العریبہ ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق امریکی وزارت خارجہ نے اتوار کے روز یوکرین کے دارالحکومت کیف میں موجود اپنے سفارت کاروں کے تمام اہل خانہ سے ملک چھوڑ کر وطن واپس لوٹ آنے کا حکم دے دیا ہے۔ امریکی محکمہ خارجہ نے، ''روسی فوجی کارروائی کے بڑھتے ہوئے خطرات'' اور کووڈ 19کا حوالہ دیتے ہوئے اپنے شہریوں کو یوکرین کے سفر سے بھی باز رہنے کو کہا ہے۔سفر سے متعلق اپنی ویب سائٹ پر شائع ہونے والی ایڈوائزری میں محکمہ خارجہ نے کہا ہے کہ اسے ایسی اطلاعات ہیں کہ روس یوکرین کے خلاف اہم فوجی کارروائی کی منصوبہ بندی کر رہا ہے۔دارالحکومت کیف میں سفارت خانے کے عملے کے اہل خاندان کی روانگی کا حکم دینے کے ساتھ ہی واشنگٹن نے سفارت خانے کے دیگر ملازمین کو بھی وہاں سے رضاکارانہ طور پر روانگی کی اجازت دیدی ہے۔ خبر رساں ادارے اے پی کے مطابق ان ملازمین کے سفری اخراجات بھی حکومت نے اٹھانے کا وعدہ کیا ہے۔امریکی وزارت خارجہ نے اپنے بیان میں کہا، ''سیکورٹی کی صورتحال، خاص طور پر یوکرین کی سرحدوں کے پاس روس کے زیر قبضہ کریمیا اور روس کے زیر کنٹرول مشرقی یوکرین میں غیر یقینی ہے اور بہت جلد بگڑ بھی سکتی ہے۔بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ احتجاجی مظاہرے جو بسا اوقات پر تشدد ہو جاتے ہیں جوکہ  کیف سمیت پورے یوکرین میں باقاعدگی سے ہوتے رہتے ہیں۔خبر رساں ادارے نے محکمہ خارجہ کے اہلکاروں کا حوالے سے اطلاع دی ہے کہ کیف میں امریکی سفارت خانہ کھلا رہے گا اور اس اعلان کا مطلب یوکرین سے انخلا نہیں ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ اقدام یوکرین کے لئے امریکی حمایت میں نرمی کا عکاس نہیں ہے اور اس معاملے پر کچھ وقت پہلے سے ہی غور کیا جا رہا تھا۔

واضح رہے کہ روس نے یوکرین کے ساتھ اپنی سرحد پر ہزاروں کی تعداد میں فوج تعینات کر رکھی ہے جس پر مغربی ممالک اور یوکرین میں خدشات پائے جاتے ہیں اور اسی تناظر میں امریکا کے یہ اعلانات سامنے آئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: دلچسپ ویڈیو  دیکھیں۔۔ڈرپوک بھارتی شہری کیوں درخت پر چڑھ گیا۔۔؟