ٹرمپ کا اسرائیل اور لبنان کے درمیان جنگ بندی میں توسیع کا اعلان
ایران کے ساتھ ڈیل کی صورت میں آبنائے ہرمز کو کھول دیا جائے گا،ڈونلڈ ٹرمپ کی گفتگو
Stay tuned with 24 News HD Android App
( ویب ڈیسک ) امریکی صدر ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ اسرائیل اور لبنان کے درمیان جاری جنگ بندی میں مزید تین ہفتوں کی توسیع کر دی گئی ہے۔
وائٹ ہاؤس کے اوول آفس میں گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ وہ اسرائیلی وزیر اعظم اور لبنان کے صدر جوزف عون کی میزبانی کے منتظر ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اوول آفس میں اسرائیل اور لبنان کے سفیروں سے ان کی ملاقات مثبت اور تعمیری رہی۔
صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ امریکا لبنان کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے تیار ہے تاکہ وہ خود کو حزب اللہ سے محفوظ رکھ سکے۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ خطے میں امن و استحکام کے لیے سفارتی کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔
یہ بھی پڑھیں:پٹرولیم مصنوعات مزید مہنگی، نئی قیمتیں سامنے آگئیں
دوسری جانب امریکی صدر ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ ایران کے ساتھ کسی بھی معاہدے میں جلد بازی نہیں کریں گے بلکہ ایسا مستقل معاہدہ چاہتے ہیں جو ہمیشہ قائم رہ سکے۔ انہوں نے کہا کہ ایران کے ساتھ ڈیل کی صورت میں آبنائے ہرمز کو کھول دیا جائے گا۔
وائٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے آبنائے ہرمز پر مکمل کنٹرول کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ امریکا اس اہم گزرگاہ کو کھولنے کے لیے تیار ہے اور ایران کے ساتھ فوری معاہدہ بھی ممکن ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران کو بہتر ڈیل کے لیے موقع دیا جا رہا ہے اور جیسے ہی معاہدہ طے پائے گا آبنائے ہرمز کو کھول دیا جائے گا۔
صدر ٹرمپ نے کہا کہ آبنائے ہرمز کی ناکہ بندی کے باعث ایران کی معیشت متاثر ہو رہی ہے اور وہ کاروباری سرگرمیاں جاری نہیں رکھ پا رہا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ایران میں قیادت کے حوالے سے غیر یقینی صورتحال ہے اور ملک اندرونی انتشار کا شکار ہے، تاہم امریکا بات چیت جاری رکھے ہوئے ہے۔