وفاقی حکومت کی عمران خان کو بنی گالہ منتقل کرنے کی پیشکش
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک)وفاقی حکومت کا کہنا ہے کہ اگر پاکستان تحریک انصاف درخواست دے تو سابق وزیراعظم عمران خان کو بنی گالہ شفٹ کیا جا سکتا ہے۔
نجی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور طارق فضل چوہدری نے کہا کہ پی ٹی آئی درخواست دے ہم عمران خان کو بنی گالہ شفٹ کر دیتے ہیں، پھر وہ روز صبح شام انہیں ملیں، باتیں کریں یا لڈو کھیلیں ہمیں کوئی فرق نہیں پڑتا۔
وفاقی وزیر کا یہ بیان اس وقت سامنے آیا ہے جب تحریک انصاف کے بعض رہنما عمران خان کے قید میں حالات اور ان سے ملاقاتوں کی پابندیوں پر تحفظات کا اظہار کر رہے ہیں۔
اس حوالے سے پی ٹی آئی کے سینئر رہنما اور سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے میڈیا کو بتایا کہ اگرچہ انہیں اس پیشکش کا علم نہیں، تاہم اگر حکومت واقعی سنجیدہ ہے تو اس پر غور کیا جا سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ’میرا خیال ہے کہ حکومت اس سے پیچھے ہٹ جائے گی، لیکن اگر وہ سنجیدہ ہے تو ہم پارٹی، اپنی قانونی ٹیم اور عمران خان سے مشاورت کے بعد فیصلہ کریں گے، اگر خان صاحب اجازت دیں تو ہم تحریری درخواست ضرور جمع کرائیں گے‘۔
یہ بھی پڑھیں:پاکستان علاقائی رابطوں کو بڑھانے میں اہم کردار ادا کررہا ہے:اسحاق ڈار
ایک سوال کے جواب میں اسد قیصر نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو 2 سال سے زائد عرصہ جیل میں ہو چکا ہے اور قانونی طور پر وہ ضمانت کے حق دار بن چکے ہیں، انہوں نے کہا کہ ’اگر حکومت واقعی سنجیدہ ہے تو عدلیہ پر سے دباؤ ہٹائے اور ضمانت کی منظوری ہونے دے‘۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ حکومت کو چاہیے کہ خیرسگالی کے طور پر پی ٹی آئی رہنماؤں اور اہلِ خانہ کو جیل میں عمران خان سے ملاقات کی اجازت دے تاکہ معاملہ آگے بڑھ سکے۔
واضح رہے کہ پاکستان کے سابق وزیراعظم عمران خان اگست 2023 سے اڈیالہ جیل میں قید ہیں، جہاں وہ 190 ملین پاؤنڈ کرپشن کیس میں سزا کاٹ رہے ہیں۔ ان پر انسدادِ دہشت گردی ایکٹ کے تحت 9 مئی کے مظاہروں سے متعلق مقدمات بھی زیرِ سماعت ہیں۔