چین اور روس کی جانب سے ایران پر امریکی حملے کی شدید مذمت، عالمی قوانین کی خلاف ورزی قرار
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز) اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل(یواین ایس سی ) کے ہنگامی اجلاس میں چین اور روس نے ایران کی ایٹمی تنصیبات پر امریکی حملے کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اسے عالمی قوانین کی سنگین خلاف ورزی قرار دیا ہے۔
سلامتی کونسل میں خطاب کرتے ہوئے چینی مندوب نے کہا کہ امریکا نے ایران کے پرامن جوہری پروگرام کو نشانہ بنا کر بین الاقوامی قوانین اور ایرانی خودمختاری کی کھلم کھلا خلاف ورزی کی ہے،ہم ایران پر امریکی حملے کی شدید مذمت کرتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ حملہ خطے میں مزید کشیدگی کا باعث بنے گا،بین الاقوامی برادری کو امریکا کے ایسے غیرذمہ دارانہ اقدامات کا نوٹس لینا چاہیے۔
دوسری جانب روسی نمائندے نے امریکی حملے کو شہریوں کی سلامتی کے خلاف اقدام قرار دیتے ہوئے کہاکہ واشنگٹن مغرب کا یوروشلم بن چکا ہے جو خود کو دنیا کا منصف سمجھ کر یکطرفہ فیصلے مسلط کر رہا ہے۔
روسی مندوب نے مزید کہا کہ امریکا کا ایران کے خلاف یکطرفہ حملہ عالمی اصولوں اور اقوامِ متحدہ کے چارٹر کے منافی ہے،حملے میں ایرانی شہریوں کی زندگیوں کو خطرے میں ڈالا گیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ امریکا کو کوئی اختیار حاصل نہیں کہ وہ اس طرح کے غیرقانونی اقدامات کرے۔
انہوں نے غزہ کی صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ غزہ میں ہزاروں بے گناہ انسانوں کے قتل پر آنکھیں بند نہیں کی جا سکتیں، انصاف کا معیار یکساں ہونا چاہیے۔
یہ بھی پڑھیں: ’امن کو موقع دینے کی بجائے ایران پر حملہ کیا گیا‘یو این ہنگامی اجلاس میں گوترس و دیگرکا امن پر زور