مون سون کاچوتھاسپیل،موسلادھاربارش،پانی گھروں میں داخل،الرٹ جاری

Jul 23, 2025 | 11:09:AM
مون سون کاچوتھاسپیل،موسلادھاربارش،پانی گھروں میں داخل،الرٹ جاری
سورس: 24نیوز
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(احسن عباسی،ثمرہ فاطمہ،طاہرجمیل،روزینہ علی)ملک کے مختلف علاقوں سے مون سون کے چوتھے سپیل میں موسلادھاربارشوں کے نتیجے میں نشیبی علاقے زیرآب آگئے جبکہ  این ڈی ایم اے نے شمالی علاقہ جات میں لینڈ سلائیڈنگ اور بعض مقامات پر سیلاب کا الرٹ جاری کر دیا۔

شہر قائد میں بادلوں نے ڈیرے جمائے ہوئے ہیں جس کے باعث موسم خوشگوارہوگیااورمحکمہ موسمیات نے 28 جولائی سے کراچی میں مون سون کے ایک اور سپیل کی پیش گوئی کردی ہے،محکمہ موسمیات کے مطاق شہر میں آج بھی بوندا باندی اور ہلکی بارش کے امکانات موجود ہیں، آئندہ 2 روز تک صبح و رات کے اوقات میں بوندا باندی متوقع ہے، دن بھر مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے ساتھ موسم مرطوب رہے گا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شہرقائد کا موجودہ درجہ حرارت 30ڈگری ریکا رڈکیاگیاہے،زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35ڈگری تک جا ئے گاجبکہ شہرمیں جنوب مغربی سمت سے20 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رقتار سے ہوائیں چل رہی ہیں ،ہوا میں نمی کا تناسب 70فیصد سے زائد ریکارڈکیاگیاہے۔
دوسری طرف لاہور میں علی الصبح موسلادھار بارش کے بعد نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا،لاہور کے مختلف علاقوں مال روڈ، لکشمی چوک، گڑھی شاہو، سول سیکرٹریٹ، چوبرجی، مزنگ اور کینال روڈ پر بادل برسنے سے نشیبی علاقے زیر آب آ گئے، کچا جیل روڈ پر جمع پانی تالاب کا منظر پیش کرنے لگا،سڑکوں  پر پانی جمع ہونے کے باعث ٹریفک کی لمبی قطاریں لگ گئیں اورٹریفک کی روانی بری طرح متاثرہوئی ہے ،پانی میں کئی گاڑیاں بندہونے سے بھی شہریوں کوشدیدپریشانی کاسامناکرناپڑاہے،فٹ پاتھ اور ملحقہ علاقوں میں بھی بارشی پانی جمع ہونے سے ریڑھی بان اور دکان داروں کا کاروبار متاثرہواہے ،شہریوںنے انتظامیہ سے پانی کی فوری نکاسی کا مطالبہ کیاہے۔
مون سون بارشوں کے چوتھےسپیل کے پیش نظر لاہورکی ضلعی انتظامیہ ہائی الرٹ ہے،ڈ ی سی لاہورسیدموسیٰ رضاکی قیادت میں ضلعی انتظامیہ اورواساشہرمیں متحرک ہے،شہر بھرمیں ٹیمیں نکاسی آب کےلئےموجودہیں تاکہ شہریوں کوکم سےکم مشکلات کاسامنا ہو۔

یہ بھی پڑھیں:ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان میں مہنگائی میں کمی کی پیشگوئی کردی
ڈپٹی کمشنرلاہورکاکہناہے کہ انتظامیہ پوری طرح الرٹ ہے، واسانشیبی علاقوں سےپانی کی مکمل نکاسی کواولین ترجیح دے،ضلعی انتظامیہ اورواساکاعملہ مشینری سمیت فیلڈمیں متحرک ہے، تمام اسسٹنٹ کمشنرزاپنےعلاقوں میں نکاسی آب کی نگرانی خودکریں، ڈی سی لاہورتمام متعلقہ محکمے الرٹ رہیں اور مکمل ہم آہنگی کیساتھ کام کریں۔
راولپنڈی اسلام آباد سمیت مختلف شہروں میں بھی موسلادھار بارش ہونے کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آگئے اور مواصلات کا نظام درہم برہم ہوگیا،اسلام آباد میں شدید بارش کے باعث دریائے سواں میں طغیانی آ گئی  اور راولپنڈی میں بارش کا پانی گھروں میں داخل ہو گیا۔
 این ڈی ایم اے نے شمالی علاقہ جات میں لینڈ سلائیڈنگ جبکہ بعض مقامات پر سیلاب کا الرٹ جاری کر دیا ہے۔

گلگت بلتستان اور خیبر پختونخوا میں بھی گلاف، فلیش فلڈز اور لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ بڑھ گیاہے،اس حوالے سے محکمہ موسمیات نے ایک اور الرٹ جاری کر دیا ہے۔
 محکمہ موسمیات کے مطابق مون سون کے ساتھ مغربی ہواؤں کے سلسلے کے باعث گلگت بلتستان اور خیبر پختونخوا میں گلاف، فلیش فلڈز اور لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ بڑھ گیا ہے،گلگت بلتستان اور خیبر پختونخوا میں وقفے وقفے سے بارش اور گرج چمک متوقع ہے، گلیشیائی علاقوں میں رہنے والے افراد کو محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے اور ہنگامی اقدامات کرنے کی ہدایت کی گئی ہے،عوام کو کسی بھی ناگہانی صورتحال سے بچنے کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ بھی دیا گیا ہے۔