آج کہاں کہاں بادل برسیں گے؟محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کردی

5 مئی تک شدید گرمی کی لہر کا الرٹ جاری,ہسپتالوں, صوبائی اور ضلعی اداروں کوتیاررہنے کی ہدایت

Apr 23, 2026 | 10:17:AM
 آج کہاں کہاں بادل برسیں گے؟محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کردی
سورس: 24نیوز
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(حاشروڑائچ، اقصیٰ شیخ, روزینہ علی )محکمہ موسمیات نے آج ملک بھرمیں موسم کے حوالے سے اہم پیشگوئی کردی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج لاہور کا درجہ حرارت 41 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے،لاہور میں آج صبح سویرے ہی گرمی کی شدت بڑھ گئی اوردرجہ حرارت 41 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق لاہورمیں3 سے 4 روز میں بارش کا کوئی امکان نہیں ہے۔
 ماہرین خبردار کر رہے ہیں کہ اگر احتیاطی تدابیر اختیار نہ کی گئیں تو ہیٹ اسٹروک کے کیسز میں اضافہ ہو سکتا ہے۔
دوسری طرف اسلام آباد میں بھی موسم خشک،تاہم مطلع جزوی ابر آلودرہے گااور درجہ حرارت 36 ڈگری تک جائے گا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آبادمیں بھی آئندہ چند روز میں گرمی کی شدت میں اضافہ ہوگا،تاہم خیبر پختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوگی،شہر اقتدار میں صبح کے اوقات میں ہوائیں معمول سے کم رفتار میں چلیں گی،صبح کے وقت میں ہواکی رفتار 7 کلو میٹر فی گھنٹہ ریکارڈکی گئی۔
کراچی میں سورج اور بادلوں کے درمیان آنکھ مچولی جاری ہےاورمحکمہ موسمیات کے مطابق شہرقائد میں آج درجہ حرارت 34 ڈگری تک جائے گا تاہم جنوب مغرب سے 12 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سےہوا چل رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:پیٹرول کی قلت ؟ شہریوں کےلیے اہم ایڈوائزری جاری

 محکمہ موسمیات کے مطابق دن کے اوقات میں کراچی میں تیز دھوپ کے ساتھ موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے،آج شہرکراچی کا کم سے کم درجہ حرارت 26.0 ڈگری سینٹی گریڈ رہاجبکہ موجودہ درجہ حرارت 28 ڈگری سینٹی گریڈہے،ہوا میں نمی کا تناسب 81 فیصد ہے ،آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 32 سے 34 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔
اے کیوآئی کے مطابق شہر کا فضائی معیار تسلی بخش قراردیاگیاہے۔

دوسری طرف نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے ملک کے مختلف علاقوں میں 5 مئی تک شدید گرمی کی لہر کا الرٹ جاری کر دیا جبکہ بعض علاقوں میں آندھی اور بارش کی بھی پیشگوئی کی گئی ہے۔
الرٹ کے مطابق سندھ، جنوبی پنجاب اور بلوچستان کے بعض اضلاع شدید گرمی کی لپیٹ میں رہیں گے۔ کراچی، حیدرآباد، سکھر، لاڑکانہ، جیکب آباد، بہاولپور، رحیم یار خان، ملتان اور تربت میں درجہ حرارت میں نمایاں اضافہ متوقع ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق 24، 25 اور 29 اپریل کو پنجاب کے بالائی اور وسطی اضلاع میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔مری، اسلام آباد، راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم، میانوالی، سرگودھا، گجرات، گوجرانوالہ، فیصل آباد، لاہور، ڈی جی خان اور ملتان میں بھی بارش متوقع ہے۔
جنوبی پنجاب کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ظاہرکیاگیاہے،بلوچستان کے شمالی اضلاع کوئٹہ، زیارت، قلات اور خضدار میں 24، 25 اور 27 تا 29 اپریل کوتیز ہواؤں کے ساتھ بارش متوقع ہے جبکہ صوبے کے ساحلی علاقے بشمول گوادر میں موسم خشک اوردرجہ حرارت میں بتدریج اضافہ متوقع ہے،سندھ بھر میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان، ہے حیدرآباد، بدین اور مٹھی میں 24 اپریل کو ہلکی بارش اور تیز ہواؤں کا امکان ہے۔این ڈی ایم اے کے مطابق خیبرپختونخوا کے اضلاع چترال، دیر، سوات، مالاکنڈ، کوہستان، مانسہرہ، ایبٹ آباد، پشاور، مردان، صوابی، چارسدہ، نوشہرہ، کوہاٹ اور کرم میں 24، 25 اور 27 تا 29 اپریل تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا امکان ہے،گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں 24 تا 29 اپریل گرج چمک کے ساتھ وقفے وقفے سے بارش کا امکان ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق شدید گرمی کے باعث لو لگنے، پانی کی کمی اور صحت کے دیگر مسائل میں اضافے کا خدشہ ہے،عوام شدید دھوپ کے اوقات میں غیر ضروری باہر نکلنے سے گریز کریں،زیادہ پانی پیئں اور احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔
این ڈی ایم اے نے متعلقہ اداروں کو ہیٹ ویو پلان فعال کرنے، کولنگ سینٹرز قائم کرنے اور ہسپتالوں کو الرٹ رہنے کی ہدایت بھی کی ہے، تمام صوبائی اور ضلعی اداروں کوبھی ممکنہ موسمی صورتحال سے نمٹنے کیلئے الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔