میڈیا ہمارا پلرہے،آپ نے ہمارے ساتھ ملکر جنگ لڑی،فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر
Stay tuned with 24 News HD Android App
(اویس کیانی)فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر نے کہاہے کہ میڈیا ہمارا فخر ہے، آپ لوگوں نے دنیا کو بتایا کہ ہم صرف سچ بولتے ہیں،میڈیا ہمارا پلرہے،آپ نے ہمارے ساتھ مل کر جنگ لڑی۔
ایوان صدر میں بیٹن آف فیلڈ مارشل لینے کے بعد سینئر صحافیوں سے مبارکباد وصول کرتے ہوئے فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر نے کہاکہ آپریشن بنیان مرصوص کا نام بہت سوچ سمجھ کر مشاورت کے بعد رکھا ، اس کا مطلب بہت واضح ہے اور ہم اللہ کی مدد سے سٹیل کی دیوار ثابت ہوئے ۔
فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر کاکہناتھا کہ ہم نے پہلے کہا تھا کہ پاکستان جب جواب دے گا تو پوری دنیا دیکھے گی اور شکر الحمدللہ ایسا ہی ہوا ،ان کاکہناتھا کہ بلوچستان میں بچوں کو نشانہ بنانے والوں کیخلاف بھرپور جوابی کارروائی جاری ہے ،پاکستان کی مسلح افواج ہر وقت تیار ہیں،شکر الحمدللہ ہم نے دشمن کو اپنی سرزمین اور فضائی حدود میں بھی داخل نہیں ہونے دیا۔
ایوان صدر میں عسکری قیادت کا گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ہمیں ذہن میں رکھنا چاہیے کہ غزوہ بدر میں مسلمانوں کی تعداد 313 تھی،غزوہ بدر میں کمان نبی پاکﷺ کی کمان میں تھی،اللہ تعالی کی طرف سے ہدایات تھی تعداد کم بھی ہے تو کوئی مسئلہ نہیں،حضور کو اللہ کا حکم ہوا ریت کی مٹھی بھر کر دشمنوں کی طرف پھینکو،یہ ریت پھر میزائلوں کی طرح دشمنوں کو لگی،یہ اللہ کرنے والا تھا،اس جنگ میں پاکستان کو اللہ کی مدد حاصل رہی ۔
سینئرعسکری قیادت کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان نے ایسا کام کیا کہ بھارت کے پاس کوئی جواب نہیں تھا ،ہماری سول قیادت، پولیٹکل لیڈرشپ اور تینوں مسلح افواج کے جذبے پر ناز ہے
ایک سوال ’’کیا یہ سیز فائر حتمی ہے؟کے جواب میں سینئر عسکری قیادت نے کہاکہ اب وہ کسی بھی ردعمل کی جرأت نہیں کرسکتے،جنگ بندی پر بھارت نے ہم سے کوئی برائے راست بات نہیں کی،ہمیں تیسرے فریق کے ذریعے جنگ بندی کی کال آئی تھی،ہم نے سچے انداز میں اپنی جنگ لڑی دشمن کیلئے کوئی راستہ نہیں چھوڑا،سینئرعسکری قیادت کا مزید کہنا تھا کہ مسلح افواج کے درمیان ہم آہنگی پائی جاتی ہے۔