مریم نے 11 ارب روپے کا جہاز خریدا جبکہ زیادہ غربت پنجاب میں ہے:حافظ نعیم الرحمن
Stay tuned with 24 News HD Android App
(رومیل الیاس)امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا ہے کہ ماہ رمضان اللہ تعالیٰ کی جانب سے ہمارے لئے رحمت ہے، رمضان اللہ تعالیٰ کی رحمتیں سمیٹنے کا موقع دیتا ہے۔
امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ روزہ دل میں تقویٰ پیدا کرتا ہے، تقویٰ غلط کام کرنے سے روکتا ہے، تقویٰ اللّہ تعالیٰ کی موجودگی کا احساس دلاتا ہے۔
حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ زندگی کے ہر معاملے میں ہمیں خدا کا خوف رکھنا چاہئے، کچھ لوگ صبح شام اللّہ کے حکم کو توڑتے ہیں اور دنیا کے سامنے مذہبی بن کر رہتے ہیں، رمضان المبارک میں اللّہ تعالیٰ کی بندگی کا عہد کریں۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ ماہ رمضان میں قرآن پاک کے ساتھ جوڑ کر زندگی تبدیل کی جا سکتی ہے، پاکستان بنا ہی اس وعدے پر تھا کہ یہ۔ قرآن کا نفاذ ہوگا، قرآن کے نظام کا مطلب عدل و انصاف ہے۔
انھوں نے کہا کہ قرآن کا نفاذ ہوگا تو کوئی بچہ تعلیم کے حق سے محروم نہیں ہوگا، قرآن کا نفاذ ہوگا تو کسی کا حق نہیں مارا جا سکے گا، اسلامی نظام کا مطلب ہے کہ تمام لوگوں کے لئے مواقع ہوں گے۔
حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ دین ہم سے تقاضا کرتا ہے کہ ظالموں کو انکے منصب سے اتارنے کی جدوجہد کریں، ہماری وزیراعلی نے 11 ارب کا جہاز خریدا ہے، سب سے زیادہ غربت میں اصافہ پنجاب میں ہوا ہے، پنجاب کے ایک کروڑ بچے سکول سے باہر ہیں۔
امیر جماعت اسلامی کے مطابق تاثر یہ دیا جاتا ہے کہ پنجاب میں دودھ اور شہد کی نہریں بہہ رہی ہیں، پنجاب سمیت ملک بھر میں کسی بھی شعبے کو دیکھیں حالات خراب ہیں، خاندانی سیاست کرنے والے مقامی حکومت کو با اختیار نہیں بناتے۔
انھوں نے کہا کہ چند سڑکیں بنانے سے مسائل حل نہیں ہوتے ظلم کا نظام بدلنے سے بدلے گا، دو ہزار ارب روپے آئی پی پیز کو دئیے جاتے ہیں، ہم اس بجلی کے پیسے دیتے ہیں جو بنتی ہی نہیں۔
حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ دین صرف عبادت کرنے کا نام نہیں، دین کو دنیا میں نافذ کرنا دین کی خدمت ہے، سیاسی جماعتیں نظریہ کی بنیاد پر چلتی ہیں شخصیات کے گرد گھومنے سے نہیں۔پاکستان میں حالات بدلنے کے لئے حقیقی لیڈر شپ چاہئے، ہم ملک کو مایوسی سے نکال کر بدلنا چاہتے ہیں، ہم پاکستان کو ظالموں کے قبضے سے چھڑائیں گے۔
یہ بھی پڑھیں :افغانستان میں 40 لاکھ بچے غذائی قلت کا شکار