پی ٹی آئی والے کبھی پرامن نہیں رہے، مسلح جتھے کو اسلام آباد نہیں آنے دیا جائے گا،عطا اللہ تارڑ
Stay tuned with 24 News HD Android App
(اویس کیانی)وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہاکہ اسلام آباد کو بند کرنے کی اجازت کسی کو نہیں دی جائے گی، مسلح جتھے کو اسلام آباد کی طرف آنے نہیں دیا جائے گا، پی ٹی آئی والے کبھی پرامن نہیں رہے، پرامن احتجاج ان لوگوں کی روایت نہیں ہے۔
کوہاٹ میں ورکرز سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑنے کہاکہ آج کوہاٹ کی فضاء سوگوار ہے، دھرتی کے بہادر جوانوں نے ملکی دفاع کے لئے جانوں کا نذرانہ پیش کیا، سی ایم ایچ کوہاٹ میں زیر علاج زخمی جوانوں کا جذبہ دیدنی ہے، فوج اور پولیس کے جوانوں اور افسران نے بہادری سے آپریشن میں حصہ لیا۔
عطا اللہ تارڑ کا کہناتھا کہ ہم سب مل کر دہشت گردی کے ناسور کو ختم کر کے دم لیں گے، بزدل دہشت گرد چھپ کر وار کر رہے ہیں، شہید فہیم کے والد کا کہنا ہے کہ بیٹے کی شہادت قابل فخر لمحہ ہے، دہشت گرد اس قوم کے جذبے کو کم نہیں کر سکتے،
وفاقی وزیر اطلاعات کاکہناتھا کہ دہشت گردی کے جڑ سے خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے، کوہاٹ افسوسناک واقعہ کے وقت وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کہاں تھے؟ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی سیاسی پوائنٹ سکورنگ کے لئے لاہور کی سڑکوں پر موجود تھے، ان کے پاس انتشار کی سیاست کا وقت ہے، اپنے صوبے کے عوام کیلئے وقت نہیں، سہیل آفریدی نے 15 منٹ ہیلی کاپٹر پر چکر لگایا اور چلے گئے۔
وفاقی وزیر کاکہناتھا کہ تعلیم، صحت اور عوام کی فلاح و بہبود کے لئے آپ نے کیا کیا ہے؟، پی ٹی آئی حکومت صرف سوشل میڈیا پر پوسٹیں لگانا جانتی ہے، صوبے میں پولیس کی سہولت کے لئے فرانزک لیب تک موجود نہیں، ان کا کہناتھا کہ من پسند لوگوں کو ٹھیکے دے کر پیسے وصول کئے جاتے ہیں، صوبے میں کرپشن کے نئے ریکارڈ قائم کئے جا رہے ہیں۔
عطا اللہ تارڑ نے کہاکہ اسلام آباد کو بند کرنے کی اجازت کسی کو نہیں دی جائے گی، مسلح جتھے کو اسلام آباد کی طرف آنے نہیں دیا جائے گا، پی ٹی آئی والے کبھی پرامن نہیں رہے، پرامن احتجاج ان لوگوں کی روایت نہیں ہے، پرامن لوگ گھروں سے کیل لگے ڈنڈے لے کر نہیں نکلتے، پی ٹی آئی والوں سے حساب لیا جائے گا، فنڈز کے بہانوں کے پیچھے انہیں چھپنے نہیں دیں گے۔
وفاقی وزیر نے کہاکہ کوہاٹ میں ٹنل اور موٹر وے جیسے منصوبے محمد نواز شریف نے بنائے، خیبر پختونخوا میں جنگلات کاٹے جا رہے ہیں، جعلی سگریٹس کی فیکٹریاں پکڑی گئی ہیں، خیبر پختونخوا میں گولڈ مائننگ کے ٹھیکے کن لوگوں کو دیئے گئے؟صوبے کا ترقیاتی فنڈ کہاں خرچ ہو رہا ہے، کسی کو پتہ نہیں۔
یہ بھی پڑھیں:کرنسی مارکیٹ میں روپے کا راج ،ڈالر سمیت دیگر کرنسیوں کو پچھاڑ دیا