آزاد کشمیر میں 25 سے 31 مئی تک شدید ہیٹ ویو کا الرٹ جاری

May 21, 2026 | 18:44:PM
آزاد کشمیر میں 25 سے 31 مئی تک شدید ہیٹ ویو کا الرٹ جاری
کیپشن: فائل فوٹو
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(حاشر احسن) آزاد کشمیر میں 25 سے 31 مئی تک شدید ہیٹ ویو کا الرٹ جاری،سٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے تمام اضلاع کی انتظامیہ کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت کر دی،نیلم، مظفرآباد، جہلم ویلی، باغ، پونچھ، حویلی، سدھنوتی، کوٹلی، میرپور اور بھمبر متاثر ہونے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق 26 مئی سے گرمی کی شدت میں مزید اضافہ متوقع ہے،ضلعی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز کو عوامی آگاہی مہم شروع کرنے کی ہدایت کر دی گئی۔

ہیٹ ویو کے دوران شہریوں کو غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز کی تلقین کی گئی ہے،تمام ہسپتالوں میں ہیٹ سٹروک علاج مراکز قائم کرنے کی ہدایت کر دی گئی،ہسپتالوں میں طبی عملہ، ادویات اور پانی کی دستیابی یقینی بنانے کا حکم دیدیا گیا،اس کے علاوہ ریسکیو 1122، فائر بریگیڈ اور محکمہ جنگلات کو ہنگامی تیاری مکمل رکھنے کی ہدایت کر دی گئی۔

ایس ڈی ایم اے نے تمام اضلاع میں کنٹرول رومز فعال کرنے کا حکم دے دیا،تعلیمی اداروں کو بچوں کو شدید گرمی سے محفوظ رکھنے کے اقدامات کی ہدایت کی گئی ہے،این جی اوز اور کمیونٹی تنظیموں کو ہیٹ سٹروک آگاہی مہم میں شامل ہونے کی اپیل کی گئی ہے۔

عوام کو پانی زیادہ پینے اور خود کو ہائیڈریٹ رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے، اس کے علاوہ صبح 10 بجے سے شام 5 بجے تک دھوپ میں نکلنے سے گریز کی تاکیدکی گئی ہے،بزرگوں، بچوں اور بیمار افراد کا خصوصی خیال رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

سٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نےمزدوروں اور بیرونی کام کرنے والے افراد کیلئے حفاظتی اقدامات یقینی بنانے کا حکم دیدیا،کسانوں کو موسمی حالات کے مطابق زرعی سرگرمیاں ترتیب دینے کی ہدایت کی گئی ہے،مویشیوں کیلئے پانی اور سایہ کا مناسب انتظام رکھنے کی تاکید کی گئی ہے۔

شدید گرمی کے باعث غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے،شہریوں کو ہیٹ سٹروک کی علامات سے متعلق آگاہ رہنے کی تلقین کی گئی ہے،پٹھوں میں کھچاؤ، متلی، چکر اور دل کی دھڑکن میں بے ترتیبی کو خطرناک علامات قراردیا گیا ہے،شہری علاقوں میں سایہ دار درخت لگانے کی حوصلہ افزائی  کی ہدایت کی گئی ہے۔

تمام اداروں کو کسی بھی ہنگامی صورتحال کی فوری اطلاع ایس ڈی ایم اے کو دینے کی ہدایت کی گئی ہے،ایس ڈی ایم اے کی جانب سے فرسٹ ایڈ کٹس، او آر ایس اور ٹھنڈے مشروبات کا ذخیرہ یقینی بنانے کا حکم دیدیا گیا،گھروں میں پردے، سبز شیڈز اور ہوا کی بہتر آمدورفت برقرار رکھنے کی ہدایت  کی گئی ہے۔

سٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے کہا ہے کہ شہری ہلکے رنگ اور ڈھیلے کپڑے پہنیں، طبیعت خراب ہونے پر فوری ڈاکٹر سے رجوع کریں،آزاد کشمیر حکومت نے شدید گرمی کے پیش نظر تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ جاری کر دیا۔

یہ بھی پڑھیں:انمول عرف پنکی کے بینک اکاؤنٹس کی تفصیلات  سامنے آ گئیں، کروڑوں روپے کی ٹرانزیکشنز