77 سالوں میں ایسا نہیں ہوا، ایک اناڑی پاکستان کو دیوالیہ کر گیا:احسن اقبال
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز )وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ چند سال پہلے ایک اناڑی اس ملک کو دیوالیہ کر گیا تھا، 77 سالوں میں پاکستان کے ساتھ ایسا نہیں ہوا جو ایک اناڑی اس ملک کے ساتھ کر گیا ۔
احسن اقبال نے نارووال میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے ملک کو سنبھالا،سخت فیصلے کیے، ملک دیوالیہ کرنے کی سازش کو ناکام بنایا، آج پوری دنیا میں پاکستان کے دیوالیہ ہونے کے چرچے نہیں ہیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ آج پوری دنیا میں اس بات کے چرچے ہیں کہ پاکستان نے دو سال میں ایک معجزہ کر دکھایا ہے، ایک سیاسی جماعت سوشل میڈیا پہ کہتی تھی کہ پاکستان کا ستیاناس اور بیڑا غرق ہو گیا ہے، وہ کہتی تھی کہ پاکستان کے آرمی چیف اپنے منصب کے اہل نہیں۔
احسن اقبال نے کہا کہ ایک سیاسی جماعت کا سوشل میڈیا دن رات پاکستان کے خلاف زہر اگلتا تھا، پھر آپ نے7 اور 10 مئی کو دیکھا کہ پاکستانی قوم جتنی تگڑی قوم کوئی نہیں ہے۔آپ نے 10 مئی کو دیکھا کہ پاکستانی فوج سے چوکس کوئی فوج نہیں ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ آپ نے 10 مئی کو دیکھا کہ پاکستان کے سپہ سالار سے زیادہ اہل اور بہادر سپہ سالار تاریخ میں نہیں آیا ، سپہ سالار کی قیادت میں افواج پاکستان نے ہندوستان کو دن میں تارے دکھا دیئے، بھارت کی چیخیں نکل گئیں، اس نے امریکہ سے اپیل کی کہ جنگ بند کراؤ۔
احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان کو اللہ تعالیٰ نے تاریخی کامیابی دی ، بھارت منہ چھپاتا پھرتا ہے ، مودی 30 سال سے پراپگینڈا کرتا تھا کہ میں اس خطے کا تھانیدار ہوں،جب پاکستان کے ساتھ ہتھ پنجہ ہوا تو پتہ چلا یہ تھانے دار تو کیا محرر بھی نہیں ہے۔
انھوں ںے کہا کہ ہماری کامیابی سے متاثر ہو کے ہمارے سپہ سالار کو امریکہ ظہرانے پر بلایا جاتا ہے،اس پر رونا اور چیخنا تو ہندوستان کو چاہیے ،بھارت تو کچھ کر نہ سکا، پی ٹی آئی کے چند لوگ سپہ سالار کے خلاف نعرے بازی کرنے پہنچ گئے،اس سے ثابت ہوتا ہے کہ یہ جماعت پاکستان دشمن ہے،بھارت اور اسرائیل کی پراکسی ہے۔
یہ بھی پڑھیں :نوازشریف لندن سے براستہ ابو ظہبی لاہور پہنچ گئے