کراچی: مبینہ پولیس مقابلہ، 3 ڈاکو ہلاک

Feb 21, 2023 | 11:29:AM
کراچی: مبینہ پولیس مقابلہ، 3 ڈاکو ہلاک
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(جاوید قائم خانی) کورنگی پولیس نے مبینہ مقابلے کے دوران 3 ڈاکوؤں کو ہلاک کرکے اسلحہ، موٹر سائیکل، چھینے گئے موبائل فونز اور دیگر سامان برآمد کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق ایس ایس پی ڈسٹرکٹ کورنگی ساجد سدوزئی نے بتایا کہ کورنگی کے علاقے اڑھائی نمبر پٹرول پمپ کے قریب علاقہ گشت پر مامور پولیس کو اطلاع ملی تھی کہ موٹر سائیکل سوار ڈاکو لوٹ مار کر رہے ہیں جس پر پولیس پارٹی موقع پر پہنچی تو ڈاکوؤں نے فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہونے کی کوشش کی تاہم پولیس کے تعاقب اور جوابی فائرنگ کے تبادلے میں 2 ڈاکو موقع پر ہی ہلاک ہوگئے جبکہ تیسرا شدید زخمی ڈاکو ہسپتال لیجاتے ہوئے راستے میں ہی دم توڑ گیا۔

انہوں نے بتایا کہ ڈاکوؤں کے قبضے سے 2 پستول، چھیننے ہوئے 9 موبائل فونز، پرس اور نقدی برآمد کرلی۔

یہ بھی پڑھیے: بہاولنگر، 2 گروپوں میں تصادم، 3 افراد شدید زخمی

ایس ایچ او کورنگی عامر ملک نے بتایا کہ مقابلے میں مارے جانے والے ڈاکوؤں کو 4 شہریوں نے شناخت کرلیا جس میں ایک مدعی زمان ٹاؤن بھٹائی آباد کا جبکہ 3 مدعی کورنگی اڑھائی نمبر کے ہیں جن سے ڈاکوؤں نے لوٹ مار کی تھی۔

انہوں نے مزید بتایا کہ مقابلے میں مارے جانے والے تینوں ڈاکوؤں نے چند روز قبل کورنگی میں کیفے مالا کے باہر بھی شہریوں سے لوٹ مار کی تھی جس میں وہ 15 سے زائد موبائل فونز چھین کر فرار ہوئے تھے اور تھانے میں متاثرہ افراد کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔

عامر ملک نے کہا کہ تینوں ڈاکو کورنگی، زمان ٹاؤن اور کورنگی صنعتی ایریا میں سٹریٹ کرائمز کی درجنوں وارداتوں میں ملوث بتائے جاتے ہیں جبکہ ہلاک ڈاکوؤں کی عمریں 24 سے 28 سال کے درمیان ہیں جن کی فوری طور پر شناخت نہیں ہوسکی اور پولیس بائیو میٹرک سسٹم کی مدد سے کوششیں کر رہی ہے۔