عظمیٰ گیلانی اور سہیل احمد کی جذباتی ملاقات نے مداحوں کے دل چھولئے
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک) پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کی سینئر اداکارہ عظمیٰ گیلانی اورمعروف اداکار سہیل احمد کی جذباتی ملاقات نے مداحوں کے دل چھو لیے۔
ہمارے ہاں ڈراموں اورفلموں میں کام کرنے والے تو بے شمار ہوں گے مگر حقیقی معنوں میں فن کار کم ہی دیکھنے کو ملتے ہیں۔تاثراتی اداکاری کے حوالے سے تو یہ تعداد اور بھی کم ہو جاتی ہے۔ مکالمے کی ادائیگی، تاثرات اور ٹائمنگ جیسی خوبیاں جس اداکاریااداکارہ کو میسر ہوں، وہ ہر دور میں کامیاب اور ہر میڈیم میں شاندار قرار پاتا ہے۔عظمیٰ گیلانی اور سُہیل احمد کا شُمار ملک کے اِن گِنے چُنے فنکاروں میں ہوتا ہے جن کو کام کرتے دیکھ کر یہ گُمان نہیں گزرتا کہ وہ ”اداکاری“کر رہے ہیں۔ مکالمے کی ادائیگی میں بے ساختہ پن،درست ٹائمنگ اور بھرپور تاثرات کی مدد سے وہ اپنے ہر کردار کو زندہ کر دینے کے فن سے مالامال ہیں۔ایک ہی منظر میں کہانی کے اُتار چڑھاؤ کے مطابق ان کے تاثرات سرعت سے تبدیل ہونے کے باوجود فطری دکھائی دیتے ہیں جو بلاشبہ بڑے اور منجھے ہوئے فنکار کی بنیادی خصوصیت تصوّر ہوتی ہے،ہلکی پھلکی کامیڈی ہو یا طنزیہ یا سنجیدہ اور المیہ اداکاری یہ دونوں ہر کردار اس قدر آسانی اور سہولت سے ادا کرتے ہیں کہ دیکھنے والے حیران رہ جاتے ہیں۔
کئی دہائیوں سے آسٹریلیا میں مقیم عظمیٰ گیلانی ان دنوں پاکستان کے دورے پر ہیں،اس دوران وہ پرانے ساتھی فنکاروں اور دوستوں سے ملاقاتیں کررہی ہیں۔
حال ہی میں اُنہوں نے ریڈیو پاکستان لاہورکادورہ کیاجہاں معروف اداکار سہیل احمد سے بھی ان کی ملاقات ہوئی،اس موقع پر دونوں فنکار ایک دوسرے کو دیکھ کر جذباتی ہو گئے اور آبدیدہ ہو کر گلے ملے۔
عظمیٰ گیلانی نے اس موقع پر ایک پرانی یادیں تازہ کرتے ہوئے بتایا کہ ایک تقریب میں میں مہمانوں کے درمیان بیٹھی تھی کہ سہیل احمد میرے پاس آئے اور میرا ہاتھ تھام کر کہا کہ آپ یہاں نہیں بیٹھیں گی، میرے ساتھ اوپر چلیں۔
یہ بھی پڑھیں:صبا قمر اور ماہرہ خان کی دشمنی، اداکارہ کا بیان سامنے آگیا
سوشل میڈیا پر مداح اس ملاقات کو بےحد پسند کر رہے ہیں، ایک صارف نے لکھا کہ عظمیٰ گیلانی وقار اور خوبصورتی کی علامت ہیں، ایک اور نے کہا کہ انہیں ہر سال پاکستان آنا چاہیے، اپنے وطن میں انہیں ملنے والا احترام قابلِ دید ہے۔
ایک تبصرے میں لکھا گیا کہ عظمیٰ گیلانی پاکستانی انٹرٹینمنٹ انڈسٹری کی اصل اسٹار اور شاندار اداکارہ ہیں۔