وزیر اطلاعات عطاءاللہ تارڑ نے قومی ورثہ و ثقافت ڈویژن کا چارج بھی سنبھال لیا

May 20, 2024 | 16:58:PM
وزیر اطلاعات عطاءاللہ تارڑ نے قومی ورثہ و ثقافت ڈویژن کا چارج بھی سنبھال لیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(اویس کیانی )وفاقی وزیر اطلاعات عطاءاللہ تارڑ نے قومی ورثہ و ثقافت ڈویژن کا چارج سنبھال لیا۔

قومی ورثہ و ثقافت ڈویژن آمد کے موقع پر وفاقی سیکریٹری قومی ورثہ و ثقافت اور دیگر اعلیٰ حکام نے وفاقی وزیر عطاءاللہ تارڑ کا استقبال کیا،اس موقع پر وفاقی سیکریٹری اطلاعات شاہیرہ شاہد اور پرنسپل انفارمیشن آفیسر مبشر حسن بھی موجود تھے،سیکریٹری قومی ورثہ و ثقافت ڈویژن نے وفاقی وزیر عطاءاللہ تارڑ کو ہیریٹیج اینڈ کلچر ڈویژن کے امور کار سے متعلق بریفنگ دی۔

وفاقی وزیر عطاءاللہ تارڑ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے قومی ورثہ و ثقافت ڈویژن کی ذمہ داری میرے لئے اعزاز اور اہم چیلنج ہے، مجھے فخر ہے کہ پاکستان کی قومی اور عالمی سطح پر خدمت کرنے کا موقع ملا، پاکستان ایک ایسا ملک ہے جس کی تاریخ اور ثقافت انتہائی متنوع ہے، ثقافت ہماری قومی شناخت کا اہم جزو ہے، پاکستان مضبوط ثقافتی ورثوں کے ساتھ جڑا ہوا ہے، پاکستان کی ثقافتی شناخت کو عالمی سطح پر فروغ دیں گے، ہماری ثقافت کا اہم پہلو ڈرامہ اور موسیقی ہیں، پاکستانی ڈرامے اور موسیقی دنیا بھر میں اپنی خوبصورتی اور جذبات کے لئے جانے جاتے ہیں۔ 

 عطاء اللہ تارڑ کا مزید کہنا تھاکہ پاکستان کی ثقافت، موسیقی اور ڈرامہ کے ذریعے ملک کا مثبت امیج دنیا بھر میں اجاگر کیا جائے گا، ملک میں ثقافت اور فنکار برادری کی بہتری اور ترقی کے لئے کام کریں گے، ثقافتی شعبے کے تمام اسٹیک ہولڈرز بشمول فنکاروں، ثقافتی اداروں اور عوام سے مل کر کام کرنے کے لئے پرعزم ہیں، ہمیں پاکستان کے ثقافتی ورثے کو آئندہ نسلوں کے لئے محفوظ بنانا ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں :کاروباری ہفتے کے پہلے ہی روز سٹاک ایکسچینج میں مندی آ گئی