نواز شریف کے نام پر نامعلوم افراد کی جانب سے لندن میں چوتھی گاڑی رجسٹرڈ
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز) سابق وزیراعظم نواز شریف کے نام پر نامعلوم افراد نے لندن میں چوتھی گاڑی بھی رجسٹر کرالی۔
سٹی آف لندن پولیس سازش کرنے والوں تک پہنچنے کیلئے تحقیقات میں مصروف ہے تاہم اب چوتھی گاڑی بھی نواز شریف کے نام پر رجسٹر کرالی گئی ہے۔
نوازشریف لندن آفس کے مطابق گاڑیاں نوازشریف کے نام پر رجسٹر کرانے کا مقصد جرائم کر کے تعلق نواز شریف سے جوڑنا ہوسکتا ہے۔
لندن آفس کا کہنا ہے کہ نواز شریف کے نام پر رجسٹر گاڑیوں کو دہشت گردی، دھوکا دہی اور مجرمانہ کارروائیوں کیلئے استعمال کیا جاسکتا ہے۔
نواز شریف لندن آفس کے خرم بٹ نے پولیس کو چوتھی گاڑی رجسٹر ہونے سے بھی آگاہ کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ چند شرپسند عناصر نواز شریف کا نام اپنے مجرمانہ مقاصد کیلئے استعمال کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، دوسروں کے نام پر گاڑی رجسٹر کرانے والے جلد پکڑے جائیں گے۔
گزشتہ دنوں گاڑیاں رجسٹر ہونے کا معاملہ اس وقت سامنے آیا تھا جب نوازشریف کے نام رجسٹرگاڑی کی تفصیل ڈی وی ایل اے نے ایون فیلڈ بھیجی تھی، مارچ 2023 میں نواز شریف آفس نے ڈی وی ایل اے کو فراڈ سے آگاہ کیا اور پھر اپریل 2023 میں ایک اور گاڑی نواز شریف کے نام پر رجسٹر کی گئی۔