وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کا اسلام آباد سیف سٹی ہیڈکوارٹرز کا دورہ
آن لائن ویمن پولیس سٹیشن کے علاوہ ون انفو موبائل ایپلی کیشن کا افتتاح بھی کیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے اسلام آباد سیف سٹی ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیااور آن لائن ویمن پولیس اسٹیشن کے علاوہ ون انفو موبائل ایپلی کیشن کا افتتاح بھی کیا۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے آئی جی اسلام آباد علی ناصر رضوی اوران کی ٹیم کے نئے اقدامات کو سراہنے کے ساتھ ساتھ ڈیجیٹل وال پر شہر کی مانیٹرنگ کے عمل کا مشاہدہ بھی کیا۔
محسن نقوی نے خواتین اور کمزور طبقات کی فوری مدد کیلئےآن لائن پلیٹ فارمز مزید فعال بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ ایپ سے ایمرجنسی شکایات درج کرائی جاسکیں گی،ایپ اور آن لائن ویمن پولیس سٹیشن جدید ٹیکنالوجی کے استعمال میں ہمارے عزم کے عکاس ہیں۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے سیف سٹی ہیڈکوارٹرز میں اہم اجلاس کی صدارت بھی کی،اس موقع پر انہوں نے سیف سٹی کی مانیٹرنگ کو مزید مؤثر بنانے کی ہدایت کی اورکہاکہ سیف سٹی پراجیکٹ نے جرائم کی روک تھام اور فوری رسپانس میں اہم کردار ادا کیاہے ،سرویلنس کے نظام کو جدید ٹیکنالوجی اور اے آئی سے لیس کیا جائے۔
یہ بھی پڑھیں:خیبر پختونخوا اسمبلی اجلاس تاخیر کا شکار، مخصوص نشستوں پر حلف برداری ملتوی ہونیکا امکان
محسن نقوی نے کہاکہ اسلام آباد کو محفوظ ترین شہر بنانے کیلئے سیف سٹی منصوبے کو ماڈل کے طور پر اپنایا جائیگا،انہوں نے سیف سٹی اسلام آباد کو دیگر صوبوں کے سیف سٹیز سے منسلک کرنے پر بھی کام کرنے کی ہدایت کی اورکہاکہ تمام سیف سٹیز کو آپس میں جوڑنے سے ڈیٹا شیئرنگ میں بہتری آئے گی۔
وزیر داخلہ نے سیف سٹی سٹاف کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے مزید محنت اور لگن سے کام کرنے کی ہدایت کی،آئی جی اسلام آباد علی ناصر رضوی نے وزیر داخلہ کو سیف سٹی پر تفصیلی بریفنگ دی۔