حکومت سازی، شہباز شریف وزیراعظم اور آصف علی زرداری صدر کے مشترکہ امیدوار ہوں گے

Feb 20, 2024 | 23:44:PM
حکومت سازی، شہباز شریف وزیراعظم اور آصف علی زرداری صدر کے مشترکہ امیدوار ہوں گے
کیپشن: فوٹو (اسکرین گریب)
سورس: 24 نیوز
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز) حکومت سازی کیلئے پاکستان مسلم لیگ ن اور پاکستان پیپلز پارٹی کے درمیان معاملات طے پاگئے ہیں۔

اسلام آباد میں شہباز شریف اور آصف زرداری کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی اور ن لیگ نے حکومت سازی کیلئے اپنے نمبر پورے کرلیے ہیں، وزیراعظم کیلئے شہباز شریف دونوں پارٹیوں کے متفقہ امیدوار ہوں گے جبکہ آصف علی زرداری صدر کیلئے مشترکہ امیدوار ہوں گے۔

ایک سوال کے جواب میں چیئرمین پی پی پی نے کہاکہ دیگر عہدوں کیلئ بھی فیصلے کر لیے ہیں جس با رے میں اعلان جلد کیا جائے گا۔

اس موقع پر شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی اور ن لیگ کے پاس حکومت بنانے کے نمبر پورے ہیں، ہم نئی حکومت بنانے کی پوزیشن میں ہیں۔

شہباز شریف کا کہنا کہ آزاد امیدوار اپنی اکثریت ثابت کریں اور حکومت بنائیں، ہم دل سے قبول کریں گے، تحریک انصاف نے سنی اتحاد کونسل اور ایم ڈبلیو ایم سے اتحاد کیا ہے لیکن اس کے باوجود ان کے پاس حکومت بنانے کیلئے نمبر پورے نہیں ہیں۔

یہ بھی پڑھیے: پیپلز پارٹی نے پرویز مشرف سے این آر او کیوں لیا؟ ترجمان جماعت اسلامی قیصر شریف

صدر مسلم لیگ ن کا کہنا تھا کہ ہم مشاورت سے آگے بڑھیں گے، آصف زرداری اور بلاول کے بھرپور تعاون پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں، یہ باریاں لینے کی بات نہیں، ہمیں پاکستان کو مشکلات سے نکالنا ہے، ہمارے اتحاد میں بزرگ بھی ہیں اور جوان بھی، دونوں مل جائیں تو بڑی طاقت بنتے ہیں۔

اس سے قبل اسلام آباد میں دونوں جماعتوں کے رہنماؤں کے درمیان ملاقات ہوئی جس میں حکومت سازی سے متعلق امور پر گفتگو ہوئی۔

ملاقات میں بلاول بھٹو، شہباز شریف، اسحاق ڈار، مراد علی شاہ، قمر زمان کائرہ اور احسن اقبال بھی موجود تھے۔