یورو یاسکوک بانڈ ؟حکومت نے متبادل حکمت عملی اختیار کرلی
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک) حکومت نے رواں مالی سال کے دوران یوروبانڈ یاسکوک بانڈ کے اجراء کے امکان کومسترد کرتے ہوئے متبادل حکمت عملی اختیار کر لی ۔
حکومت چینی مارکیٹ میں پانڈا بانڈ کے پہلے مرحلے کے اجراء کے لیے تیار ہو گئی ہے جس کے ذریعے 25کروڑڈالر اکٹھے کیے جائیں گے۔
ذرائع کے مطابق یہ پانڈا بانڈ جنوری 2026 کے وسط میں جاری کیے جانے کا امکان ہے،وزیراعظم آفس نے 31 جنوری تک اس کے اجراء کی باضابطہ منظوری دے دی ہے، اس پروگرام کے تحت دوسرا مرحلہ جس کا حجم 500 ملین ڈالر ہوگا، 30 جون 2026 سے قبل مکمل کیے جانے کی توقع ہے۔
پانڈا بانڈ تقریباً 4 فیصد شرحِ سود پر جاری کیے جانے کی امید ہے،پاکستان کو رواں مالی سال میں یوروبانڈ کی میچورٹی کے باعث دو بڑی ادائیگیاں کرنا ہیں،پہلی قسط 500 ملین ڈالر کی صورت میں ستمبر 2025 میں ادا کی جا چکی ہےجبکہ دوسری ادائیگی اپریل 2026 میں واجب الادا ہوگی، جس کی مجموعی رقم 1.3 ارب ڈالرہے۔
یہ بھی پڑھیں:بارشیں اور برف باری، محکمہ موسمیات نے خشک موسم سے تنگ شہریوں کو خوشخبری سنا دی
دوسری جانب آئی ایم ایف نے بھی چینی مارکیٹ میں پانڈا بانڈ کے اجراء کے حکومتی ارادے پر کچھ تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے سوال اٹھایا کہ اگر پانڈا بانڈ کے بڑے خریدار چینی بینک ہی ہوں گے تو حکومت کمرشل قرضے لینے کو ترجیح کیوں نہیں دیتی؟اس پر پاکستانی حکام نے آئی ایم ایف کو آگاہ کیا کہ حکومت فنانسنگ کے ذرائع میں تنوع چاہتی ہے اور چینی مارکیٹ میں اپنی موجودگی کو گہرا کرنے کے لیے پانڈا بانڈ جاری کیا جا رہا ہے۔