لاہور سمیت پنجاب بھر میں بارش کا سسٹم داخل، بادل کب برسیں گے؟ برفباری کہاں ہوگی؟
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)پنجاب بھر میں موسم کی شدت کے ساتھ بارش کا سسٹم داخل ہوگیا ہے، جس کے بعد مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں بارش اور برفباری سے متعلق پیش گوئی سامنے آ گئی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت پنجاب بھر میں بارش برسانے والا سسٹم داخل ہو گیا ہے، تاہم سسٹم کمزور ہونے کے باعث آج کا دن بادل چھانے اور دھند و فوگ کی صورتحال میں گزرنے کا امکان ہے۔
موسمیاتی ماہرین نے بتایا کہ کل لاہور سمیت صوبے کے مختلف اضلاع میں ہلکی بارش کے امکانات موجود ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ بارشوں کے نتیجے میں خشک موسم کے باعث پھیلنے والی بیماریوں جیسے نزلہ، زکام، کھانسی اور بخار سے شہریوں کو ریلیف ملنے کا امکان ہے۔
پی ڈی ایم اے پنجاب کے مطابق صوبے کے پہاڑی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور برفباری بھی متوقع ہے، راولپنڈی، مری، گلیات اور پوٹھوہار ریجن میں بارش اور برفباری کا امکان ہے جب کہ 20 سے 21 دسمبر کے دوران لاہور، شیخوپورہ، سرگودھا، خوشاب، فیصل آباد، حافظ آباد، گجرانوالہ، منڈی بہاالدین، گجرات، سیالکوٹ، جھنگ اور ٹوبہ ٹیک سنگھ میں بھی ہلکی بارش متوقع ہے۔
یہ بھی پڑھیں:پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی میں ریکارڈ درستگی کیسے کی جاتی ہے؟ جانیے آسان طریقہ
ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے بتایا کہ بارشوں کے باعث دھند اور سموگ کی صورتحال میں کمی آئے گی، انہوں نے شہریوں کو اسموگ سے بچاؤ کے لیے ماسک کے استعمال اور غیر ضروری باہر نکلنے سے گریز کی ہدایت کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم اے کنٹرول روم میں صورتحال کی مانیٹرنگ 24 گھنٹے جاری ہے جب کہ مری میں سیاحوں کے لیے سہولت مراکز قائم ہیں اور ہنگامی صورتحال میں 1129 پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا امکان ہے، آزادکشمیر اور گلگت بلتستان میں برفباری ہونے کی توقع ہے۔
چاغی ، نوشکی، واشک، پنجگور، کیچ، گوادر، کوئٹہ، قلات، مستونگ، قلعہ عبداللہ اور قلعہ سیف اللہ میں بارش ہونے کی توقع ہے۔
مری اور گلیات میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش برفباری کی توقع ہے۔
بلوچستان میں طویل انتظار کے بعد بارشوں نے انٹری دے دی ہے، جس سے صوبے کے مختلف علاقوں میں موسم خوشگوار ہو گیا ہے۔
کوئٹہ اور اس کے گردونواح میں صبح کے وقت ہلکی بارش ریکارڈ کی گئی، جس کے باعث فضا میں تازگی محسوس کی گئی۔
بارش کے قطرے پڑتے ہی شہریوں نے سکھ کا سانس لیا اور موسم سے لطف اندوز ہوتے دکھائی دیے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بلوچستان کے مختلف علاقوں میں مغربی ہواوٴں کا سلسلہ داخل ہو چکا ہے، جس کے زیر اثر صوبے کے تقریباً 70 فیصد علاقوں میں بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔