نواز شریف انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی سرگودھا میں پہلا بائی پاس آپریشن

Sep 19, 2026 | 19:34:PM
نواز شریف انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی سرگودھا میں پہلا بائی پاس آپریشن
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(زوار حسین کاظمی)  نواز شریف انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی سرگودھا میں دل کی سرجری کے شعبے کا باقاعدہ آغاز ہوگیا۔

 ہسپتال میں پہلا بائی پاس آپریشن کامیابی سے مکمل کرلیا گیا۔ 60 سالہ ناصر عباس کی دل کی تین بند شریانوں کا کامیاب بائی پاس کیا گیا۔

سرگودھا میں نواز شریف انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں پہلی بائی پاس سرجری کی کامیابی کے ساتھ دل کے مریضوں کے لیے جدید علاج کی سہولیات کا نیا باب شروع ہوگیا ہے، سلانوالی کے رہائشی 60 سالہ ناصر عباس کی دل کی تین شریانیں بند تھیں، جن کا کامیاب بائی پاس آپریشن ڈاکٹر توقیر اور ان کی ٹیم نے انجام دیا۔ آپریشن کامیابی سے مکمل ہوا اور مریض کی حالت تسلی بخش ہے۔

 مشیر وزیراعلیٰ پنجاب برائے صحت جنرل ریٹائرڈ اظہر محمود کیانی نے ہسپتال میں فراہم کی جانے والی مفت طبی سہولیات اور کامیاب سرجری کو اہم پیش رفت قرار دیا ۔ جنرل ریٹائرڈ اظہر محمود کیانی کے مطابق ہسپتال میں دل کے مریضوں کو اینجیوگرافی، اینجیوپلاسٹی اور بائی پاس سرجری سمیت علاج کی جدید سہولیات مفت فراہم کی جا رہی ہیں۔ ہسپتال میں روزانہ سینکڑوں مریضوں کا معائنہ کیا جا رہا ہے، جبکہ اینجیوگرافی اور اینجیوپلاسٹی بھی باقاعدگی سے کی جا رہی ہیں

اس ہاسپٹل میں ہارٹ اٹیک کے مریضوں کے لیے ایمرجنسی اینجیوگرافی اور اینجیوپلاسٹی کی سہولت بھی دستیاب ہے، جس سے ضرورت پڑنے پر بند شریان کو فوری طور پر کھولنے میں مدد ملتی ہے۔مشیر وزیراعلیٰ پنجاب برائے صحت کا کہنا ہے کہ یہ ہسپتال سرگودھا ڈویژن کے چاروں اضلاع کے علاوہ جھنگ، چنیوٹ، منڈی بہاؤالدین اور دیگر علاقوں کی ایک کروڑ سے زائد آبادی کو دل کے علاج سمیت جدید طبی سہولیات فراہم کرے گا۔

ہسپتال انتظامیہ کے مطابق بائی پاس سرجری کے لیے موجود ویٹنگ لسٹ میں شامل مریضوں کے آپریشن بھی مرحلہ وار کیے جائیں گے، تاکہ زیادہ سے زیادہ مریضوں کو بروقت اور مفت علاج کی سہولت فراہم کی جاسکے۔

یہ بھی پڑھیئے:  تھیٹرکے سینئر فنکار آصف اقبال انتقال کرگئے