عاصم اظہرسے رشتہ ختم ہونے کے بعد میرب علی کابھی رد عمل آگیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک)معروف ماڈل و اداکارہ میرب علی کی جانب سے گلوکارعاصم اظہر کےساتھ منگنی ختم ہونے کے بعد مبہم رد عمل سامنے آگیا جس پر صارفین نے دلچسپ تبصرے بھی کیے ہیں۔
عاصم اظہر نے گزشتہ ہفتے انسٹاگرام اسٹوری میں بتایا تھا کہ انہوں نے اور میرب علی نے کافی غور و فکر کے بعد باہمی رضامندی سے الگ راستے اختیار کرلیے، اگرچہ ان کا رشتہ ِختم ہوگیا لیکن وہ اور میرب علی ایک دوسرے کے خاندان کی عزت کرتے رہیں گے، ساتھ ہی انہوں نے میڈیا سے بھی ان کی پرائیویسی کا خیال رکھنے کی اپیل کی تھی۔
عاصم اظہر کی جانب سے منگنی ختم کیے جانے کی تصدیق کے بعد میرب علی نے کوئی رد عمل نہیں دیا تھا لیکن اب انہوں نے انسٹاگرام اسٹوری میں مبہم رد عمل دیا ہے۔
میرب علی نے انسٹاگرام اسٹوری میں لکھا کہ کسی نے ان سے پوچھا کہ وہ اپنی سائیڈ کی کہانی کیوں نہیں بتا رہیں؟ انہوں نے سوال کرنے والے کو جواب دیا کہ ان کی طرف کی کہانی خدا جانتا ہے اور ان کے لیے یہی کافی ہے۔
میرب علی کی جانب سے دیئے گئے مختصر اور مبہم ردعمل کا سکرین شاٹ وائرل ہوگیا ہے اور مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کی جانب سے اسے شیئر کیاجارہاہے جس پر صارفین نے دلچسپ تبصرے بھی کیے ہیں۔
بعض مداحوں نے میرب علی پر طنز کرتے ہوئے لکھا کہ جب کسی کے پاس بتانے کے لیے کوئی کہانی نہیں ہوتی، وہ یہی بول کر خاموش ہوجاتا ہے کہ ان کی طرف کی کہانی خدا جانتا ہے۔
کچھ مداحوں نے لکھا کہ انہیں پوری کہانی معلوم ہے، ساتھ ہی بعض افراد نے میرب علی پر عاصم اظہر کو دھوکا دینے کا الزام بھی عائد کیا جبکہ بعض نے لکھا کہ گلوکار نے انہیں بھی دھوکا دیا،کچھ صارفین نے لکھا کہ سمجھ نہیں آ رہی کہ عاصم اظہر سب کو کاٹ رہے ہیں یا پھر عاصم اظہر کو سب کاٹ رہے ہیں؟
یہ بھی پڑھیں:کم عمری میں شادی کیوں کی؟ اداکارہ غنیٰ علی نے وجہ بتا دی
واضح رہے کہ میرب علی سے قبل عاصم اظہر کے خوبرواداکارہ ہانیہ عامر کے ساتھ بھی قریبی تعلقات تھے اور دونوں کی جلد منگنی اور شادی کی افواہیں بھی گرم تھیں لیکن ان میں علیحدگی ہوگئی جس کے بعد عاصم اظہر نے مارچ 2022 میں میرب علی سے منگنی کرلی تھی اور ان کی جلد شادی کی افواہیں بھی تھیں لیکن 12 جون 2025 کو دونوں نے منگنی ختم کرنے کا اعلان کرکے سب کوحیران کردیا۔