تیز ہواؤں اور گرج چمک کیساتھ بارش کی نوید

Jan 19, 2024 | 19:19:PM
 تیز ہواؤں اور گرج چمک کیساتھ بارش کی نوید
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(روزینہ علی) محکمہ موسمیات نے بلوچستان کے بیشتر اضلاع تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ ہلکی سے درمیانی بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی پیش گوئی کر دی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آج رات ملک کے بیشتر میدانی علاقوں میں موسم سرد اور خشک جبکہ شمالی علاقوں میں شدید سرد اور مطلع جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے، تاہم بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ ہلکی سے درمیانی بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے، جبکہ پنجاب، خیبر پختونخوا کے میدانی علاقوں اور بالائی سندھ میں شدید دھند اور سموگ چھائے رہے گی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق صبح (ہفتہ) اسلام آباد اور گر دو نواح میں موسم سرد اور خشک رہے گا، تا ہم صبح اور رات میں بعض مقا مات پر دھند پڑنے اور چند مقا مات پر صبح کے اوقات میں کہرا پڑنے کا بھی امکان ہے۔

صوبہ خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک جبکہ بالائی اضلاع میں شدید سرد اورمطلع جزوی ابر آلودرہے گا جبکہ چارسدہ، مردان، نوشہرہ، صوابی، پشاور، لکی مروت، بنوں، ڈیرہ اسماعیل خان اور گرد و نواح میں صبح اور رات کے اوقات میں شدید دھند چھائے رہنے کا امکان ہے۔

صوبہ پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک جبکہ مری، گلیات اور گر دو نواح میں موسم شدید سرد رہے گا تاہم بہا ولپور ، ساہیوال، اوکاڑہ، قصور، لاہور، سیالکوٹ، نارووال، گوجرانوالہ، جہلم، منگلا، فیصل آباد، جھنگ، سرگودھا، منڈی بہاؤالدین، ٹوبہ ٹیک سنگھ، خانیوال، ملتان، خان پور، رحیم یار خان، حافظ آباد، بھکر، لیہ، ڈیرہ غا زی خان اور گرد و نواح میں شدید دھند اور سموگ چھائے رہے گی، جس کے باعث صوبے کے بیشتر اضلاع میں دن کے درجہ حرات معمول سے کم رہیں گے،خطہ پوٹھوہار میں بعض مقا مات پر صبح اور رات کے اوقات میں دھند پڑنےجبکہ صبح کے اوقات میں کہرا پڑنے کا بھی امکان ہے۔

صوبہ بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک جبکہ شمالی اضلاع میں شدید سرد رہے گا، صوبہ سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہے گا جبکہ جیکب آباد، حیدرآباد، موہنجوداڑو، سکھر، لاڑکانہ ، دادو، گھوٹکی، خیر پور ، کشمور اور پڈعیدن میں دھند اور سموگ چھائے رہنے کا امکان ہے، کشمیر اور گلگت بلتستان  میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ موسم شدید سرد رہے گا۔

انتباہ:

آئندہ چندروز کے دوران پنجاب ، خیبر پختونخوا اور بالائی سندھ کے میدانی علاقے شدید دھندکی لپیٹ میں رہیں گے ۔ شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایت۔ شدید دھند کے باعث پنجاب کے بیشتر علاقوں میں دن کے درجہ حرارت معمول سے کم رہیں گے۔