آج کا پکوان: سپیشل چکن بریانی
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک) آج ہم آپ کو سپیشل چکن بریانی بنانے کی آسان ترکیب بتا رہے ہیں ملاحظہ کیجئے۔
بریانی کیلئے درکار اجزا:
چکن ایک کلو، چاول ایک کلو، آلو آدھا کلو، لونگ چار عدد، ہری الائچی چار عدد، جائفل جاوتری کا پاؤڈر آدھا چھوٹا چمچہ، بادیان کے پھول دو عدد، بڑی الائچی دو عدد، دار چینی دو عدد، پسا ہوا دھنیا تین چھوٹے چمچے، تیز پات دو عدد، زیرہ دو چھوٹے چمچے، تیل حسب ِ ضرورت، بڑی پیاز دو عدد (باریک کاٹ لیں)، ادرک، لہسن کا پیسٹ دو بڑے چمچے، ٹماٹر کا پیسٹ ایک کپ، ہری مرچیں چار سے پانچ عدد، زردہ رنگ چٹکی بھر، دہی ایک پیالی، نمک حسب ِ ذائقہ۔
بنانے کا طریقہ:
چاول دھو کر ایک سے دو گھنٹے کے لئے بھگو دیں، چکن کو ہلکا فرائی کرکے اور آلو کے چھلکے اتار کر چار ٹکڑوں میں کاٹ کرایک طرف رکھ لیں، پھر لونگ، ہری الائچی، بڑی الائچی، بادیان کے پھول اور دار چینی پیس لیں، اب ایک پتیلی میں تیل اور کٹی ہوئی پیاز ڈالیں اور اُس وقت تک بھونیں، جب تک پیاز گولڈن براؤن نہ ہوجائیں، اب اس میں دہی، ادرک، لہسن کا پیسٹ، ٹماٹر اور کٹی ہوئی ہری مرچیں ڈال کر دو سے تین منٹ کے لئے پکائیں۔ اس کے بعد چکن، آلو اور تمام مسالے ڈال کر اچھی طرح بھونیں اور پانی ڈال کر درمیانی آنچ پر گوشت اور آلو گل جانےتک پکائیں۔
اب ایک پتیلی میں پانی اُبلنے کے لئے رکھیں اور ساتھ ہی اس میں ذرا سا تیل، تیز پات اور نمک شامل کرکے بھیگے ہوئے چاول بھی ڈال دیں اور ایک کنی کچّے رہنے تک پکائیں، چاول کا پانی نتھارنے کے بعد پتیلے میں ایک تہہ قورمے اور ایک تہہ چاول کی لگائیں، اوپر سے زردہ رنگ ذرا سا پانی میں گھول کر ڈالیں اور ہلکی آنچ پر قریباً پانچ سے دس منٹ کے لئے دَم لگائیں، لذیذ، گرما گرم سپیشل بریانی تیار ہے۔