حکومت جلد نئی آٹو پالیسی متعارف کرائے گی، مشیر وزیراعظم
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک)وزیراعظم کے مشیر برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان نے کہا ہے کہ حکومت جلد نئی آٹو پالیسی متعارف کرائے گی جس میں آٹو پارٹس مینوفیکچررز سمیت تمام اسٹیک ہولڈرز کے لیے مراعات شامل ہوں گی۔
لاہور میں پاکستان انٹرنیشنل آٹو شو 2026 کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم کے مشیر برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کے وژن کے تحت حکومت آٹو پارٹس کی برآمدات بڑھانے اور مقامی صنعت کو عالمی منڈیوں تک رسائی دلانے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔
سمیڈا اور پاکستان ایسوسی ایشن آف آٹوموٹیو پارٹس اینڈ ایکسسریز مینوفیکچررز (پاپام) کے اشتراک سے 21ویں پاکستان انٹرنیشنل آٹو شو 2026 میں بطور اسٹریٹجک پارٹنر شرکت کر رہا ہے، تین روزہ نمائش لاہور ایکسپو سینٹر میں جاری ہے، جس میں ملکی و غیر ملکی صنعت کار، کاروباری شخصیات اور مندوبین شریک ہیں۔
ہارون اختر خان نے کہا کہ پاکستان کی آٹوموٹیو صنعت میں ترقی اور برآمدات کے وسیع امکانات موجود ہیں، پاکستان آٹو شو مقامی مینوفیکچرنگ، جدت اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے اہم پلیٹ فارم ہے۔
انہوں نے سمیڈا کو ہدایت کی کہ وہ پاپام اور شعبے سے وابستہ ایم ایس ایم ایز کو بھرپور معاونت فراہم کرے تاکہ وہ نئی ملکی و عالمی منڈیوں تک رسائی حاصل کرسکیں۔
اس موقع پر سمیڈا کی چیف ایگزیکٹو افسر نادیہ جہانگیر سیٹھ نے کہا کہ آٹوموٹیو شعبہ ایس ایم ایز کی قیادت میں صنعتی ترقی کی بڑی صلاحیت رکھتا ہے، سمیڈا پاپام کے ساتھ شراکت داری کے ذریعے ایم ایس ایم ایز کو جدید ٹیکنالوجی، کاروباری شراکت داری اور ملکی و عالمی مارکیٹوں تک رسائی کے مواقع فراہم کر رہا ہے۔
پی اے پی ایس 2026 کے کنوینر سلمان سلیم نے سمیڈا کی شراکت داری کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ اس سے ایس ایم ای شرکت اور میک ان پاکستان وژن کے تحت مقامی مینوفیکچرنگ کے فروغ کی کوششوں کو تقویت ملے گی اور 19 ستمبر کو سمپوزیم بھی منعقد ہوگا، جس میں مستقبل کے لیے روڈ میپ پر غور کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں:آئی جی پنجاب سے پولیس ملازمین ، اہلخانہ کی ملاقات ، فوری ریلیف کے احکامات جاری