آج کے دن پیدا ہونیوالی کالی کلوٹی اداکارہ بالی ووڈ سے ہالی ووڈ کیسے پہنچ گئی، جانئے

Jul 18, 2025 | 22:50:PM
آج کے دن پیدا ہونیوالی کالی کلوٹی اداکارہ بالی ووڈ سے ہالی ووڈ کیسے پہنچ گئی، جانئے
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک)بھارت کی فلم انڈسٹری بالی ووڈ کی معروف اداکارہ پریانکا چوپڑہ آج کے دن 18جولائی 1982کو جمشید پور، بہارجھاڑکھنڈ میں پیدا ہوئی تھیں۔ پریانکا چوپڑہ  نے ایک دفعہ کہا تھا کہ جب بالی ووڈ میں اپنے کیریئرکا آغاز کیا تو لوگوں نے مجھ سے کہا کہ میں اتنی کالی ہوں کہ فلموں میں چل ہی نہیں پاؤں گی۔لیکن اس کے برعکس سابق مس ورلڈ اور بالی ووڈ اداکارہ پریانکا چوپڑہ کی شہرت اب بالی ووڈسے نکل کر امریکہ بلکہ پوری دنیا تک پہنچ چکی ہے۔
بھارتی اخبار کی رپورٹ کے مطابق پریانکا چوپڑہ کو 2015میں بالی ووڈ فلم ’’باجی راؤ مستانی‘‘ میں شاندار پرفارمنس سے بڑھ کر انہیں امریکی ٹی وی شو  ’’کوانٹیکو (Quantico) ‘‘سے عالمگیر پہچان ملی ہے۔ ایک بھارتی اداکارہ کی حیثیت سے امریکی ٹی وی سیریز میں مرکزی کردار ادا کرنا ان کیلئے ایک منفرد اعزاز ہے۔ امریکہ کے اہم شہروں میں بل بورڈز پر پرینکا چوپڑہ کی تصاویر آویزاں نظر آتی ہیں۔ پریانکا کو اس ڈرامے کیلئےپیپلز چوائس ایوارڈ کے لیے بھی نامزد کیا گیا ہے۔ 2015میں انہیں ایک امریکی اخبار نے ٹوئٹر پر بھارت کی مقبول ترین شخصیت قرار دیا۔ پرینکا2014 سےمعروف میگزین ایلے(Elle) کے لئے ہر ماہ باقاعدہ کالم بھی لکھتی ہیں۔ ایک برطانوی میگزین ایسٹرن آئی کی جانب سے گزشتہ 10برسوں میں4مرتبہ انہیں ایشیاءکی پرکشش ترین خاتون قرار دیا جاچکا ہے۔ 
واضح  رہے کہ 3سال قبل انہوں نے یہ اعتراف کیا تھا کہ ابتدائی دنوں میں انھیں کئی بار اپنی رنگت کی وجہ سےسخت تبصرے برداشت کرنا پڑے تھے۔ بی بی سی کی سپریا سوگلے سے بات چیت میں پریانکا نے بتایا تھا کہ جب میں نے بالی ووڈ میں اپنے کیریئرکا آغاز کیا تو لوگوں نے مجھ سے کہا کہ میں اتنی کالی ہوں کہ فلموں میں چل ہی نہیں پاؤں گی۔ 
سال 2000میں ملکۂ حسن کا عالمی خطاب جیتنے کے بعد پریانکا نے اپنے فلمی سفر کا آغاز2002میں تامل فلم’تھمیزان‘ سے کیا تھا اس کے بعد 2003میں ان کی پہلی ہندی فلم’دی ہیرو:لو اسٹوری آف اے اسپائی‘ ریلیز ہوئی۔ اس کے بعد2003میں انہوں نے فلم ’انداز‘ اور ’مجھ سے شادی کروگی ‘ جیسی مشہور فلموں میں کام کر کے شہرت حاصل کی۔2004 میں ان کی فلم’اعتراض‘ ریلیز ہوئی جس میں انہوں نے قدرے منفی کردار ادا کیا تھا۔2006 میں فلم’کرش‘ اور ’ڈان‘ کے ذریعہ وہ شہرت کی بلندیوں پر پہنچ گئیں، پریانکا کی 2008 کی فلم’فیشن‘ کیلئے اسے فلم فیئر ایوارڈ کے ساتھ نیشنل ایوارڈ بھی دیا گیا۔ اس کے بعد 2009میں ’کمینے‘2011میں ’7خون معاف‘،2012میں ’برفی‘، 2014میں ’میری کوم‘، 2015 میں دل دھڑکنے دو اور’باجی رائو مستانی‘ کے ذریعہ مزید شہرت حاصل کی۔ اس کے بعد انہوں نے ہالی ووڈ کا رخ کیا اور سیریز ’کوانٹیکو‘ کے ذریعہ امریکہ میں نام کمایا۔ 2015ہی میں پریانکا نے ’پرپل پیبل پکچرز‘ نامی پروڈکشن ہائوس قائم کیا اور 2016 میں مراٹھی فلم’وینٹی لیٹر‘ ، 2019 میں پانی سمیت کئی فلمیں بنائیں۔ اس کے علاوہ پریانکا  نے 2017 میں ہالی ووڈ کی’بے واچ‘ ، ’2019 میں ازنٹ اِٹ رومانٹک‘، 2021 میں دی وھائٹ ٹائیگر‘اور’دی میٹرکس ری سریکشن‘ جیسی ہالی ووڈ فلموں میں بھی کام کیا ہے۔پریانکا 2023سے وہ ’سیٹاڈیل‘ نامی سیریز میں کام کررہی ہیں۔ 

یہ بھی پڑھیں: اے آئی ’کونٹینٹ‘ میں نقائص کی شکایت عام،انسان غلطیاں ٹھیک کرکے لاکھوں  کما ئیں گے