احسن خان اور عروہ حسین ایک ساتھ سکرین پرجلوہ گرہوں گے
آپ کی عزت کی کہانی معروف مصنفہ عمیرہ احمد نے لکھی ہے،سیفی حسن ہدایات دے رہے ہیں
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک)سپرسٹاراحسن خان اور عروہ حسین نئی ڈرامہ سیریل’’آپ کی عزت‘‘ میں ایک ساتھ ٹی وی سکرین پرجلوہ گرہوں گے۔
احسن خان اور عروہ حسین دونوں ناظرین کے دلوں کو چھو جانے والے اداکاری کے لیے مشہور ہیں،احسن خان نے اپنے اداکاری کے سفر کا آغاز 2000 کی دہائی میں کیا اور تب سے وہ ٹیلی ویژن اور فلم کے کئی مرکزی کرداروں میں نظر آ چکے ہیں،اس وراسٹائل فنکار نےفنی کیریئر کے دوران کئی مشکل کردار بھی بہت خوب صورتی اورمہارت سے نبھائے ہیں جوان کے فن کی پختگی پرمہرتصدیق ثبت کرتے ہیں۔
’’آپ کی عزت‘‘ ان دو تجربہ کار اداکاروں کو ایک ساتھ لے کر آیا ہے، جس کی کہانی معروف مصنفہ عمیرہ احمد نے لکھی ہے جو جذباتی طور پر گہری اور ناظرین کے دل کو چھو جانے والی کہانیاں لکھنے کے لیے مشہور ہیں جبکہ اس ڈرامے کی ہدایات سیفی حسن دے رہے ہیں جواس سے قبل سنگِ مرمر، جن کی شادی اور زرد پتوں کا بن جیسے ڈراموں کی ڈائریکشن بھی دے چکے ہیں۔
’’آپ کی عزت ‘‘ کی کاسٹ میں احسن خان اورعروہ حسین کے علاوہ ثانیہ سعید اور نعمان مسعود جیسے تجربہ کار اداکار بھی شامل ہیں، نینا کاشف اور مومنہ درید کی مشترکہ پروڈکشن میں بننے والا یہ ڈرامہ مختلف زمانوں میں پھیلا ہوا ہے، جس سے یہ اشارہ ملتا ہے کہ یہ کہانی مختلف وقتوں کے ساتھ پرتیں کھولتی چلی جائے گی۔
عروہ حسین نے حال ہی میں سیٹ کی کچھ تصاویر اور ڈرامے کا آفیشل پوسٹر شیئر کیا ہے، ان کے اعلان کے بعد پروڈکشن ٹیم کی طرف سے بھی اسی طرح کی تشہیر کی گئی ہے، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ’ ’آپ کی عزت‘‘تکمیل کےآخری مراحل سے گزر رہا ہے۔
اگرچہ کہانی کی مکمل تفصیلات فی الحال خفیہ رکھی جارہی ہیں لیکن عمیرہ احمد اور سیفی حسن کی شمولیت نے ’’آپ کی عزت‘‘ کو ایک ایسے ڈرامے کے طور پر پیش کر دیا ہے جس کی ناظرین توقع کر رہے ہیں، یہ ڈرامہ پاکستانی ٹیلی ویژن پر ایک اہم اضافہ ثابت ہوگا،احسن خان اورعروہ حسین کے مداح اس ڈرامہ کابے چینی سے انتظارکررہے ہیں۔