لاہور سے کراچی جتنا فاصلہ محض ڈھائی گھنٹے میں طے کرنیوالی ٹرین

Jul 16, 2025 | 16:09:PM
لاہور سے کراچی جتنا فاصلہ محض ڈھائی گھنٹے میں طے کرنیوالی ٹرین
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک)600 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار کے ساتھ چین کی جانب سے ٹرین کے سفر کو طیاروں سے بھی زیادہ تیز رفتار بنایا جا رہا ہے۔

چین میں ایسی ٹرین تیار کی گئی جو کراچی سے لاہور کے درمیان جتنا فاصلہ محض 150 منٹ میں طے کرسکے گی،ابھی جاپان کی ایم ایل ایس ماگلیو کو دنیا کی تیز ترین ٹرین قرار دیا جاتا ہے جو 361 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے سفر کرتی ہے مگر چین میں میگنیٹک لیوی ایشن یا ماگلیو ٹیکنالوجی پر مبنی ایک ٹرین کی آزمائش کی گئی ہے جو بیشتر طیاروں سے زیادہ تیز رفتاری سے سفر کرسکتی ہے۔

خیال رہے کہ ماگلیو ٹیکنالوجی سے ٹرینیں مخصوص مقناطیسی ٹریک پر فضا میں معلق ہو کر تیزرفتاری سے سفر کرتی ہیں۔

فضا میں معلق ہونے کے باعث ٹرین کے لیے رگڑ اور آواز کی آلودگی جیسے مسائل سے بچنا ممکن ہوتا ہے اور اس کی رفتار بھی بڑھتی ہے۔

گزشتہ دنوں اس ٹرین کے کانسیپٹ ماڈل کو 17 ویں ماڈرن ریلوے نامی نمائش کے دوران پیش کیا گیا۔

اس موقع پر بتایا گیا کہ یہ ٹرین محض 7 سیکنڈز میں 600 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار پکڑنے کے قابل ہوگی،اس سپر فاسٹ ماگلیو ٹرین کی بدولت بیجنگ اور شنگھائی کے درمیان سفر محض ڈھائی گھنٹوں میں طے ہوسکے گا جو ابھی دیگر فاسٹ ٹرینوں سے ساڑھے 5 گھنٹوں میں طے ہوتا ہے۔

اس ٹرین کی آزمائش جون میں چین کے صوبے Hubei میں Donghu لیبارٹری میں کی گئی تھی،1968 فٹ ٹریک پر اس ٹرین نے آزمائش کے دوران محض 7 سیکنڈ میں 404 میل فی گھنٹہ کی رفتار پکڑ لی تھی۔

البتہ ابھی یہ واضح نہیں کہ اسے کمرشل بنیادوں پر کب تک استعمال کیا جاسکے گا کیونکہ اس کے لیے ابھی کافی کام ہونا باقی ہے۔