4 سے 6 گھنٹے انتہائی اہم،دھواں دار بارشوں کا الرٹ جاری
Stay tuned with 24 News HD Android App
( افشاں رضوان،اقصیٰ شیخ ،حاشر وڑائچ ) صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی پنجاب نے صوبہ بھر میں دھواں دار بارشوں کا نیا الرٹ جاری کر دیا۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق پنجاب کے بالائی و وسطی علاقوں میں آئندہ 4 سے 6 گھنٹوں میں تیز ہواؤں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت ملتان، بہاولپور اور راولپنڈی و دیگر کئی شہروں میں ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے جبکہ ڈی جی خان، سیالکوٹ، گوجرانوالہ اور جہلم میں اگلے چند گھنٹوں میں موسلا دھار بارش کا امکان ہے۔
پی ڈی ایم اے پنجاب نے عوام کو خراب موسم میں غیر ضروری سفر سے گریز کی ہدایت کی ہے جبکہ ڈی جی پی ڈی ایم اے پنجاب عمر جاوید نے متعلقہ محکموں کو الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔
صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی جانب سے کہا گیا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایات کے پیش نظر واسا ایمرجنسی سروسز اور دیگر ریسکیو ادارے الرٹ رہیں، بارش برسانے والا سسٹم پنجاب میں داخل ہو چکا ہے لہٰذا شہری بھی احتیاط کریں۔
ڈی جی پی ڈی ایم عمر جاوید کاکہناہےکہ نشیبی علاقوں سے نکاسی آب کو یقینی بنانے کے لئے پیشگی انتظامات مکمل کریں، شہری بارش کے دوران بجلی کی تاروں اور کھمبوں سے دور رہیں،بارش کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں، سفر سے پہلے موسمی صورتحال کے لیے پی ڈی ایم اے کی ویب سائٹ سے موسم بارے معلومات ضرور لیں، بارش کے دوران تیز رفتاری سے گریز کریں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج رات لاہورمیں بارش کے 20 فیصد امکانات موجود ہیں جبکہ دن بھر موسم خشک رہنے کا امکان ہے،شہر کا مطلع صاف ہے اور دھوپ کے ساتھ ہلکی ہوائیں چل رہی ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور کا موجودہ درجہ حرارت 29 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 37 اور کم سے کم 26 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کی توقع ہے، ہواؤں کی رفتار 5 کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی ہے۔
فضائی آلودگی کے اعتبار سے لاہور دنیا میں ساتویں نمبر پر رہاجہاں مجموعی اے کیو آئی 137 ریکارڈ کیا گیا، بیدیاں میں آلودگی کی سطح 161، ماڈل ٹاؤن میں 155، گلبرگ تھری میں 148 جبکہ برکی روڈ پر اے کیو آئی 132 ریکارڈ کیا گیا۔
کراچی میں مطلع جزوی ابر آلود ہے جبکہ دن کے وقت موسم گرم رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، صبح کے وقت ہی درجہ حرارت 30 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا جبکہ شدت 33 ڈگری محسوس کی گئی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج شہرقائد میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 36 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے۔
ادھر اسلام آباد میں بادلوں نے ڈیرے جما لیے ہیں اور محکمہ موسمیات نے گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کردی ہے، وفاقی دارالحکومت میں آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 38 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔
یہ بھی پڑھیں:چینی صدر نے آبنائے ہرمز کھولنےمیں مدد کی پیشکش کی ہے: ڈونلڈ ٹرمپ
محکمہ موسمیات کے مطابق خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر کے مختلف علاقوں میں بھی بارش کا امکان موجود ہے۔