صدر آزاد کشمیر کی امریکی سفارتکاروں سے ملاقات،مسئلہ کشمیر پر مؤثر کردار کا مطالبہ

May 15, 2025 | 18:47:PM
صدر آزاد کشمیر کی امریکی سفارتکاروں سے ملاقات،مسئلہ کشمیر پر مؤثر کردار کا مطالبہ
کیپشن: صدر آزاد کشمیر کی امریکی سفارتکاروں سے ملاقات
سورس: 24نیوز
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

 (زاہد بشیر چودھری)صدر آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری سے امریکی سفارتخانے کے پولیٹیکل قونصلر زیچرے ہرکنرائیڈر نے کشمیر ہاؤس میں اہم ملاقات کی ملاقات میں صدر آزاد کشمیر نے امریکی سفارتکاروں مسئلہ کشمیر پر امریکہ کے مؤثر کردار کا مطالبہ کیا۔ 

 ملاقات میں ان کے ہمراہ مس الزبتھ بینین بھی موجود تھیں،ملاقات میں صدر آزاد کشمیر نے امریکی وفد کو مسئلہ کشمیر کی تازہ ترین صورتحال، بھارتی اقدامات، اور خطے میں امن و استحکام کے خطرات سے آگاہ کیا،انہوں نے واضح کیا کہ بھارت کسی بھی غیر سنجیدہ اور اشتعال انگیز حرکت کا مرتکب ہو سکتا ہے، جو پاکستان اور بھارت کے درمیان کسی بڑے تصادم کا سبب بن سکتی ہے۔

بیرسٹر سلطان محمود کا کہنا تھا کہ جنوبی ایشیاء میں پائیدار امن کی کنجی مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل میں مضمر ہے،انہوں نے امریکہ پر زور دیا کہ وہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے تحت کشمیریوں کو ان کا حقِ خودارادیت دلوانے میں اپنا مؤثر کردار ادا کرے،صدر آزاد کشمیر نے سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے کی گئی ثالثی کی پیشکش کا خیر مقدم کرتے ہوئے موجودہ امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو کے ممکنہ کردار کو بھی سراہا، اُن کا کہنا تھا کہ امریکہ کو مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے سفارتی سطح پر سرگرم کردار ادا کرنا چاہیے۔

انہوں نے زور دیا کہ لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر سیزفائر کو مستقل بنایا جائے تاکہ خطے کو ایٹمی جنگ جیسے کسی بڑے سانحے سے بچایا جا سکے۔

صدر سلطان محمود چوہدری کی اس ملاقات کو مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کی ایک اہم کوشش کے طور پر دیکھا جا رہا ہے، اور یہ مطالبہ ایک بار پھر دہرایا گیا ہے کہ عالمی برادری خاص طور پر امریکہ، اس دیرینہ تنازعے کے حل میں عملی اقدامات کرے۔

یہ بھی پڑھیں؛ مودی نے پاکستان کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی لیکن انہیں تاریخی شکست ہوئی،شبلی فراز