مودی نے پاکستان کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی لیکن انہیں تاریخی شکست ہوئی،شبلی فراز

May 15, 2025 | 18:35:PM
مودی نے پاکستان کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی لیکن انہیں تاریخی شکست ہوئی،شبلی فراز
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز) پاکستان تحریک انصاف( پی ٹی آئی) رہنما و سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر شبلی فراز نے کہا ہے کہ مودی نے پاکستان کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی لیکن انہیں ہر محاذ پر تاریخی شکست ہوئی۔

ایوان بالا میں خطاب کرتے ہوئے قائد حزب اختلاف کا کہنا تھا کہ  گجرات کےقصائی  نے دہشتگردی کی آڑ میں پاکستان کے خلاف کارروائیاں کیں  لیکن پاکستان نے بھارت کو ہر محاذ پر تاریخی شکست دی۔

شبلی فراز کا کہنا تھا کہ مودی نے عالمی قوانین کی خلاف ورزی کی اور سندھ طاس معاہدہ ختم کرنے کا اعلان کر کے بین الاقوامی معاہدوں کو پامال کیا، انہوں نے دعویٰ کیا کہ مودی کو گمان تھا کہ وہ دباؤ ڈال کر پاکستان کو نقصان پہنچا سکے گا لیکن پاکستان نے ثابت کر دیا کہ وہ ہر سطح پر اپنا دفاع کر سکتا ہے۔

اپنے خطاب کے دوران ان کا کہنا تھا کہ  ملک میں آئین و قانون کی حکمرانی نہ ہونے کی وجہ سے سرمایہ کاری متاثر ہو رہی ہے،جب قانون اور آئین کی حکمرانی نہیں ہوگی،کون سرمایہ کاری کرے گا؟ موجودہ قیادت کو عوام کی حمایت حاصل نہیں، اور عالمی سطح پر کامیابی صرف اُسی قیادت کو ملتی ہے جسے عوام کی پشت پناہی حاصل ہو۔ 

شبلی فراز نے سیاسی قیدیوں کی رہائی کا مطالبہ کرتے ہوئے قومی یکجہتی اور اداروں کی مضبوطی کی اہمیت پر زور دیا ، اُن کا کہنا تھا کہ  ہم نے دیکھا کہ جب ادارے، خصوصاً پاک افواج مضبوط ہوتی ہیں  تو ملک بھی مضبوط ہوتا ہے۔ 

انتخابات سے متعلق گفتگو میں انہوں نے خیبرپختونخوا کو نمائندگی نہ ملنے پر ان کا کہنا تھا کہ ہر صوبے میں انتخابات ہو چکے ہیں، کے پی کو کیوں نظر انداز کیا جا رہا ہے؟ ان کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا میں انتخابات نہ کروانے کا مقصد پی ٹی آئی کو اکثریت حاصل کرنے سے روکنا ہے۔

آخر میں شبلی فراز کا مزید کہنا تھا کہ حکومت جانتی ہے کہ اگر پی ٹی آئی کو سیاسی طور پر بحال ہونے کا موقع ملا تو یہ حکومت ایک دن بھی نہیں چل سکے گی، ہم آئندہ بھی ملک کے دفاع میں ہمیشہ صف اول میں ہوں گے۔ 

یہ بھی پڑھیں : انٹربینک میں روپیہ، اوپن مارکیٹ میں ڈالر مہنگا