اب الیکشن تب ہوں گے جب نوازشریف لندن سے فیصلہ کرے گا، مریم نواز

May 15, 2022 | 22:19:PM
مسلم لیگ ن، نائب صدر مریم نواز، عمران خان، الیکشن میں جانا تھا، تحریک عدم اعتماد، کامیابی سے پہلے جاتے
کیپشن: مریم نواز گجرات میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز)مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے عمران خان کے الیکشن کے مطالبے پر ہے کہ الیکشن میں جانا تھا تو تحریک عدم اعتماد کی کامیابی سے پہلے ہی چلے جاتے،الیکشن ڈرامہ ہے، تمہاری کارکردگی کا کاغذ بالکل خالی ہے،تمہارے ہاتھ سے گیم ہمیشہ کیلئے نکل چکی ہے،عمران خان تمہارا کھیل ہمیشہ کیلئے ختم شد، اب تم کچھ نہیں کروگے، اب تم صرف نوازشریف کے منہ کی طرف دیکھو گے،نوازشریف نے چار سال بعد آج تمہیں پھر کنٹینر پر پہنچا دیا ہے،اب الیکشن تب ہوں گے جب نوازشریف لندن سے فیصلہ کرے گا۔
گجرات میں مسلم لیگ ن کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہاکہ میرا بس چلے تو اس شخص کا نام بھی اپنی زبان سے نہ لوں، عمران خان جیسے جھوٹے شخص کا نام لیتے میرے دل میں درد ہوتا ہے، میرا فرض ہے اپنی قوم اور ملک کو اس فتنے سے بچاﺅں، اس لئے اس کا نام لینا پڑتا ہے،ان کا کہناتھا کہ عمران خان کا رونا دھونا سنتی ہوں تو بچپن کے دن یاد آ جاتے ہیں ،جس بچے نے امتحان کی تیاری نہیں کی ہو تو وہ بہانہ کرتا ہے،عمران خان بھی بالکل اسی طرح ڈرامے کر رہا ہے، اسی طرح رو رہا ہے،پہلے کھیل کود میں وقت ضائع کیا، جب امتحان کا وقت آیا تو جعلی خط آگیا۔
مریم نواز نے کہاکہ جعلی خط کے بیانیے کی موت ہوئی تو بین الاقوامی سازش آگئی ،جب سازش بھی پٹ گئی تو کہتا ہے میری جان کو خطرہ ہے،جب تک تم حکومت میں تھے ، عوام پر قیامت توڑتے رہے،اس وقت تک سازش تھی نہ تمہاری جان کو خطرہ،جب عوام کارکردگی مانگتی ہے تو تمہارادامن خالی ہے،انہوں نے کہاکہ اتنے جلسے کئے کسی ایک میں بھی اپنی کارکردگی کا نہیں بتایا،جب کارکردگی زیرو ہو تو بچوں والے ڈرامے کرنے پڑتے ہیں ۔
مریم نواز نے کہاکہ آپ کہتے ہیں ویڈیو ریکارڈ کرائی ہے جس میں قتل کی سازش کرنے والوں کا بتایا ہے،ہم اپنے بدترین دشمن کی موت کی بھی دعا نہیں کرتے،اللہ کرے تم زندہ رہو اور نوازشریف کی کامیابیاں دیکھو،انہوں نے کہاکہ رانا ثنا اللہ سے کہتی ہوں کسی حادثے کا انتظار نہ کریں ، ویڈیو منگوائیں، تم ویڈیو سامنے لاﺅ کسی حادثے کا انتظار نہ کرو،نائب صدر ن لیگ نے کہاکہ تمہارے کھانے میں اگر کوئی زہر ملائے گا تو وہ تمہارے گھر والا ہی ہوگا،نوازشریف کو ایسا کون سا کھانا کھلایا تھا جس سے ایک ہی رات میں پلیٹ لیٹس گر گئے،نوازشریف کا کھانا اس کے گھر سے نہیں عمران خان کی طرف سے آتا تھا۔
انہوں نے کہاکہ عمران خان قوم تم سے پوچھتی ہے تمہیں آج بڑھتا ہواڈالر یاد آگیا،جب تم نے ڈالر 105 سے 190 پر پہنچا دیا تو اس وقت تمہاراضمیر کہاں تھا،مہنگائی کرنے والا آج کہہ رہا ہے کہ مہنگائی ہو گئی ، جب یہ کہتا ہے مہنگائی ہو گئی اپنے خلاف چارج شیٹ پیش کرتا ہے،سوال چار سال کے حکمران سے ہو گا یا چار ہفتے کی آئینی حکومت سے،عمران خان معیشت میں بارودی سرنگیں بچھا کر گیا ہے۔
انہوں نے کہاکہ عمران خان کہتا ہے میں نے نمبرز بلاک کردیئے ہیں ، جس نمبر پر تم فون کر رہے ہو وہ نمبر بدل گیاہے،جب تم فون کرتے ہو تو آگے سے آواز آتی ہے آپ کو مطلوبہ سروس مہیا نہیں،جب تم الیکشن میں عوام سے ووٹ مانگو گے تو آواز آئے گی رانگ نمبر۔
مریم نواز کا مزید کہناتھا کہ الیکشن میں جانا تھا تو تحریک عدم اعتماد کی کامیابی سے پہلے ہی چلے جاتے،الیکشن ڈرامہ ہے، تمہاری کارکردگی کا کاغذ بالکل خالی ہے،تمہارے ہاتھ سے گیم ہمیشہ کیلئے نکل چکی ہے،عمران خان تمہارا کھیل ہمیشہ کیلئے ختم شد، اب تم کچھ نہیں کروگے، اب تم صرف نوازشریف کے منہ کی طرف دیکھو گے،نوازشریف نے چار سال بعد آج تمہیں پھر کنٹینر پر پہنچا دیا ہے،اب الیکشن تب ہوں گے جب نوازشریف لندن سے فیصلہ کرے گا۔

یہ بھی پڑھیں: وزیر اعظم کا پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھانے سے انکار