پاکستان برادر ہمسایہ ملک کیساتھ کھڑا ہے اور رہے گا،محسن نقوی
Stay tuned with 24 News HD Android App
(اویس کیانی)وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نےکہا ہے کہ پاکستان اپنے برادر ہمسایہ ملک کے ساتھ کھڑا ہے اور کھڑا رہے گا۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی دورہ ایران کے دوران مشہد پہنچ گئے،مشہد انٹرنیشنل ائیر پورٹ پرصوبہ خراسان کے گورنر جنرل غلام حسین مظفری نے وزیر داخلہ محسن نقوی کا پرتپاک خیرمقدم کیا، وزیر داخلہ محسن نقوی اور صوبہ خراسان کے گورنر جنرل غلام حسین مظفری کی ملاقات ہوئی جس میں دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
گورنر جنرل صوبہ خراسان نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ کو کہاکہ آپ کی مشہد آمد ہمارے لیے باعث افتخار ہے،ایران کے ساتھ پاکستانی حکومت اور عوام کے خیرسگالی کے جذبات کی قدر کرتے ہیں،جنگ کے دوران پاکستان ڈٹ کر ایران کے ساتھ کھڑا رہا اور ہر موقع پر بھرپور حمایت کی، گورنر کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان نے جنگ کے دوران بھائی ہونے کا ثبوت دیا۔
اس موقع پر بات کرتے ہوئے وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ ایرانی قیادت اور عوام نے جنگ کے دوران ہمت اور عزم کا بے مثال مظاہرہ کیا،پاکستان اپنے برادر ہمسایہ ملک کے ساتھ کھڑا ہے اور کھڑا رہے گا،ان کا کہنا تھا کہ مشہد میں زائرین کی سہولت کے لئے ایرانی حکومت نے بہترین انتظامات کیے ہیں۔
محسن نقوی کا مزید کہنا تھا کہ سہ فریقی کانفرنس کے فیصلوں سے پاکستانی زائرین کو ایران اور عراق جانے میں آسانیاں پیدا ہوں گی،دورہ ایران انتہائی کامیاب رہا اور بہت محبت ملی۔
یہ بھی پڑھیں ؛ پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن کے معطل ارکان کو بھی سینیٹ انتخابات میں ووٹ کا حق مل گیا