ڈینگی میڈیکل کے ساتھ سماجی مسئلہ:لاہورجنرل ہسپتال میں آگاہی واک کاانعقاد
وزیر اعلیٰ مریم نواز کی قیادت میں پنجاب سے ڈینگی اوردیگر وبائی امراض کا جڑ سے خاتمہ کریں گے: پروفیسر فاروق افضل
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک) لاہور جنرل ہسپتال میں ڈینگی کےحوالے سے آگاہی واک کااہتمام کیاگیا جس میں پرنسپل پروفیسرفاروق افضل ،ایم ایس پروفیسر فریادحسین،ڈاکٹر محمد مقصود اوردیگر نے کثیرتعداد میں شرکت کی۔
پرنسپل امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر محمد فاروق افضل نے اس موقع پر گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ ڈینگی بخار میڈیکل کے ساتھ ساتھ ایک سماجی مسئلہ بھی ہے، جس پر قابو پانے کیلئے شہریوں کو اپنے گھروں اور ارد گرد کے ماحول کو صاف ستھرا اور خشک رکھنا ہوگا۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق پنجاب کو ڈینگی سے پاک اور دیگر وبائی امراض کا جڑ سے خاتمہ کریں گے، ڈینگی پر قابو پانے کے لیے عوام میں آگاہی ضروری ہے جس کے لیے طبی ماہرین، سول سوسائٹی اور میڈیا کوپنا بھرپور کردار ادا کرنا ہو گا۔
ڈینگی وائرس سے بچاؤ کے متعلق عوامی شعور اجاگر کرنے کے لیے لاہور جنرل ہسپتال میں منعقدہونےوالی آگاہی واک میں ایم ایس پروفیسر فریاد حسین، پروفیسر ندرت سہیل، پروفیسر خرم سلیم، پرنسپل کالج آف نرسنگ روبینہ انعام، ڈی سی این ایس فضیلت لعل، ڈاکٹر عدنان مسعود، ڈاکٹر جعفر حسین شاہ، ڈاکٹر محمد مقصود، ڈاکٹر عبدالعزیز سمیت نرسنگ آفیسرز، طالبات اور مختلف مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔
پرنسپل امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر فاروق افضل نے اس موقع پرکہا کہ صحت و تعلیم کے شعبے سے وابستہ خواتین اپنی اپنی کمیونٹی میں ڈینگی وائرس و دیگر امراض کی روک تھام اور حفظان صحت کے حوالے سے آگاہی پھیلائیں تاکہ ایک صحت مند معاشرہ تشکیل دیا جا سکے، حفظان صحت کے اصولوں پر عمل پیرا ہو کر ہی اس مرض پر قابو پایا جا سکتا ہے،جس کے لیے عوام میں شعور و آگاہی بہت ضروری ہے،سٹیک ہولڈرز،سول سوسائٹی اور میڈیا کو شعور و آگاہی کے لئے اپنا مثبت کردار ادا کرنا ہو گا، تاکہ عوام ان پر عمل پیرا ہو کر نہ صرف بیماریوں سے محفوظ رہ سکیں بلکہ علاج معالجے پر اٹھنے والے اخرجات کو بھی کم کیا جا سکے۔
پروفیسرفاروق افضل کاکہنا تھا کہ پنجاب حکومت کی پالیسی کے مطابق لاہور جنرل ہسپتال میں مریضوں کو تمام طبی سہولیات مفت فراہم کی جا رہی ہیں، تشخیصی ٹیسٹ اور ادویات کی فراہمی کو بھی یقینی بنایا گیا ہے،ہسپتال انتظامیہ دن رات مریضوں کو درپیش مسائل کے حل کے لیے کوشاں ہے، اس حوالے سے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں،انسداد ڈینگی کے لئے لاہور جنرل ہسپتال کی جانب سے مؤثر اقدامات کئے گئے ہیں لیکن ڈینگی کے خاتمہ کے لئے ہر شخص کو اپنا کردار ادا کر نا ہو گا، ڈینگی وائرس سے ہیلتھ پروفیشنلز اور شہریوں کو محفوظ رکھنے کیلئے روزانہ کی بنیاد پر ہسپتال میں سپرے کرنے کو یقینی بنایا جائے گا۔
ایم ایس پروفیسر فریاد حسین اور ڈاکٹر محمد مقصود نے اس موقع پرڈینگی وباء کی علامات اور احتیاطی تدابیر پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ بخارکے ساتھ سردرد، پٹھوں، ہڈیوں یا جوڑوں میں تکلیف، متلی، قے، آنکھوں کے اندر تکلیف، غدود کی سوجن اور خارش اہم علامات ہیں، صاف پانی کھڑا نہ ہونے دیں، مچھر دانیوں کا استعمال اور سپرے یقینی بنائیں اور ماحول کو صاف ستھرا رکھ کر ڈینگی مچھروں کا خاتمہ ممکن ہے۔
ڈاکٹرمحمدمقصود نے مزید بتایا کہ ڈینگی مچھروں کی افزائش زیادہ تر گھروں کی چھتوں، دیگر مقامات پر جمع شدہ صاف پانی میں ہوتی ہے لہذا ان بریڈنگ سپاٹس کو ختم کرنا مکینوں اور شہریوں کی اہم ذمہ داری ہے۔
یہ بھی پڑھیں:سعودی عرب میں 18 پاکستانی عازمین حج کاانتقال ، جنت البقیع میں تدفین
واک کے دیگر شرکاء نے بھی اس موقع پر ڈینگی مچھر سے بچاؤ کی احتیاطی تدابیر اور ڈینگی بخار سے بچنے کے لئے مختلف حفاظتی اقدامات پر روشنی ڈالی،واک کو شرکاء نے پوسٹرز،بینرز اور کتبے اٹھا رکھے تھے جن پر ڈینگی سے بچاؤ کے حوالے سے احتیاطی تدابیر درج تھیں۔