منامہ: شاہ بحرین نے صدر زرداری کو ریاست کا اعلیٰ ترین ایوارڈ عطا کردیا

Jan 14, 2026 | 18:15:PM
منامہ: شاہ بحرین نے صدر زرداری کو ریاست کا اعلیٰ ترین ایوارڈ عطا کردیا
کیپشن: بحرین کے شاہ صدر آصف زرداری کو اعلیٰ ترین ایوارڈ دے رہے ہیں
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز)صدر مملکت آصف علی زرداری کو بحرین کا اعلیٰ ترین ایوارڈ عطا کردیا گیا۔

سرکاری میڈیا کے مطابق بحرین کے دورے پر موجود صدر آصف علی زرداری کی قصر القضیبیہ آمد پر انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا، شاہ حمد بن عیسیٰ آل خلیفہ کے درمیان ملاقات ہوئی۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان دوطرفہ تعلقات کے فروغ پر اتفاق ہوا۔

پاکستان اور بحرین کے برادرانہ تعلقات کو نئی جہت دینے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

ملاقات میں صدر آصف علی زرداری کو بحرین کا اعلیٰ ترین ایوارڈ وسام الشیخ عیسیٰ بن سلمان آل خلیفہ من الدرجۃ الاولی عطا کیاگیا

صدر مملکت کو اعلیٰ ترین اعزاز دونوں برادر ملکوں کے درمیان دو طرفہ تعلقات کے فروغ اور گرانقدر خدمات کے اعتراف میں دیا گیا۔


 صدر مملکت  اور بحرین کے شاہ حمد بن عيسى آل خليفة کے درمیان  ون آن ون ملاقات میں تعلقات کی مثبت سمت پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔  تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔

صدر مملکت نے بحرینی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دی، انہوں نے زراعت، آئی ٹی، صحت، سیاحت اور انفرا اسٹرکچر میں مشترکہ منصوبوں پر زور دیا۔

 ملاقات کے دوران دفاع اور سلامتی کے شعبوں میں تعاون پاک بحرین تعلقات کا اہم ستون قرار پایا، ملاقات میں عالمی و علاقائی صورتحال پر تبادلۂ خیال، اتحاد اور تحمل پر زور دیا گیا۔

صدر مملکت نے کہا کہ بحرین میں مقیم پاکستانی کمیونٹی دوطرفہ تعلقات کا مضبوط پل ہے،  صدر مملکت نے بحرین میں مقیم ایک لاکھ 16 ہزار پاکستانیوں کے لیے سہولیات فراہم کرنے پر تشکر کا اظہار کیا۔ 


ملاقات میں کنگ حمد یونیورسٹی اسلام آباد کو پاک بحرین دوستی کی علامت قرار دیا گیا۔  دونوں رہنماؤں کا اقوامِ متحدہ سمیت عالمی فورمز پر قریبی رابطہ رکھنے پر اتفاق ہوا۔

شاہ حمد بن عیسیٰ آل خلیفہ نے کہا کہ صدر آصف علی زرداری کا دورہ دوطرفہ تعلقات میں اہم سنگِ میل ہے۔ انہوں نے بحرین میں پاکستانی کمیونٹی کے کردار کو خراجِ تحسین پیش کیا۔


بعدازاں صدر آصف علی زرداری اور ان کے وفد کے اعزاز میں ظہرانے کا اہتمام کیا گیا۔

 یہ بھی پڑھیں:'جب آپ کو پتہ چلے کہ آپ کی ایکس دوبارہ شادی کر رہی ہے'، علی ترین کا ملتان سلطانز کی نیلامی پر دلچسپ ردعمل