فیلڈ مارشل کو ہلال جرات، محسن نقوی کو نشان امتیاز، سول و عسکری شخصیات کو اعلیٰ اعزازات سے نواز دیا گیا

Aug 14, 2025 | 14:56:PM
فیلڈ مارشل کو ہلال جرات، محسن نقوی کو نشان امتیاز، سول و عسکری شخصیات کو اعلیٰ اعزازات سے نواز دیا گیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز)ایوان صدر میں سول و عسکری شخصیات کو اعلیٰ اعزازات دینے کی پُروقار تقریب ہوئی۔

اس موقع پر صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی شخصیات کو اعزازات دیے۔ تقریب میں وزیراعظم شہباز شریف بھی موجود تھے۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو انتہائی مشکل حالات میں فوج کی بہترین قیادت کرنے پر ’ہلال جرات‘ سے نوازا گیا۔

علاوہ ازیں سفارتی سطح پر پاکستان کا مقدمہ بھرپور انداز میں لڑنے پر نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کو نشان امتیاز سے نوازا گیا، سندھ طاس معاہدے پر بھرپور مؤقف اپنانے پر وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ کو بھی نشان امتیاز  سے نوازا گیا۔

داخلی محاذ پر بہترین یکجہتی اور امن قائم رکھنے پر وزیر داخلہ محسن نقوی کو بھی ’نشان امتیاز‘ سے نوازا گیا۔

بھارت کی بلااشتعال جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے پر وزیر دفاع خواجہ آصف کو ’نشان امتیاز‘ اور معرکہ حق میں اطلاعات کی بہترین ترسیل پر وزیر اطلاعات عطا تارڑ کو ’نشان امتیاز‘ سے نوازا گیا۔

 پاکستان کا مؤقف عالمی سطح پر اجاگر کرنے پر بلاول بھٹو زرداری کو ’نشان امتیاز‘ سے نوازا گیا۔ انہوں نے بھارت کی مکارانہ سازشوں کو عالمی سطح پر بے نقاب کیا تھا۔

قومی اتفاق رائے اور سیاسی ہم آہنگی قائم کرنے میں اہم کردار پر معاون خصوصی رانا ثنا اللہ کو ’نشان امتیاز‘ دیا گیا۔

دوران تقریب چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا کو نشان امتیاز عطاء کیا گیا۔

چیف آف نیول سٹاف ایڈمرل نوید اشرف کو پاکستان کی بحری سرحدوں کی حفاظت یقینی بنانے پر نشان امتیاز عطا کیا گیا، جبکہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کو ہلال جرأت سے نوازا گیا، انہوں نے فضائی جنگ میں دشمن کی برتری کو خاک میں ملایا۔