مسلح افواج کے سربراہان کی جانب سے 78ویں یوم آزادی کے پرمسرت موقع پر قوم کو دلی مبارکباد

Aug 14, 2025 | 02:02:AM
مسلح افواج کے سربراہان کی جانب سے 78ویں یوم آزادی کے پرمسرت موقع پر قوم کو دلی مبارکباد
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز)پاک فوج کے سربراہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر ، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا ، چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف  اور چیف آف دی ایئر اسٹاف ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو  نے پاکستان کی 78ویں یومِ آزادی کے موقع پر پوری قوم کو دلی مبارکباد پیش کی ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق یومِ آزادی ہماری قومی وحدت، استقامت اور روشن مستقبل کے لیے مشترکہ عزم کی علامت ہے،اس پرمسرت موقع پر ہم اپنے بانیانِ پاکستان کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں جنہوں نے قائدِاعظم محمد علی جناح کی ولولہ انگیز قیادت میں آزادی کے حصول کے لیے بے مثال قربانیاں دیں۔

پاک افواج نے اپنے بیان میں اُن مدبر رہنماؤں، بزرگوں اور سپاہیوں کو بھی سلام عقیدت پیش کیا ہے جنہوں نے پاکستان کی بنیاد رکھی اور ایک خودمختار ریاست کا خواب حقیقت بنایا۔ یہ قربانیاں آج بھی ہماری رہنمائی کا ذریعہ ہیں۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق پاک فوج نے ایک بار پھر اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ پاکستان کی خودمختاری، جغرافیائی سرحدوں کا تحفظ، آئین کی پاسداری اور قومی تشخص کی حفاظت ہر حال میں اولین ترجیح رہے گی۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ عوام اور افواجِ پاکستان کا ناقابلِ تسخیر رشتہ ہی ہماری اصل طاقت ہے۔

 آئیے اس یومِ آزادی پر ہم سب مل کر امن، ترقی اور اتحاد کے لیے اپنی کاوشیں تیز کریں اور "ایمان، اتحاد، قربانی" کے سنہری اصولوں کو اپناتے ہوئے ایک مضبوط، خوشحال اور ترقی یافتہ پاکستان کی جانب بڑھیں۔

یہ بھی پڑھیں :  صدرِ زرداری کی آزادی کی 78 ویں سالگرہ پر تمام پاکستانیوں کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد