صدرِ زرداری کی آزادی کی 78 ویں سالگرہ پر تمام پاکستانیوں کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز) صدرِ اسلامی جمہوریہ پاکستان آصف علی زرداری نے مادرِ وطن کی آزادی کی 78 ویں سالگرہ کے موقع پر پاکستان اور دنیا بھر میں بسنے والے تمام پاکستانیوں کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہےکہ یہ دن ہمیں اس جرات، اتحاد اور قربانیوں کی یاد دلاتا ہے جن کی بدولت ہمیں آزادی کی نعمت نصیب ہوئی۔ آج ہم اپنے عظیم قائد، قائداعظم محمد علی جناحؒ اور تحریکِ پاکستان کے تمام کارکنان کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں، جن کی کاوشوں اور قربانیوں نے اس خواب کو حقیقت بنایا۔
صدر زرداری نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ اس سال ہم یومِ آزادی بڑے افتخار اور ایک تازہ اُمید کے ساتھ منا رہے ہیں۔ حال ہی میں ہماری قوم نے بیرونی جارحیت کے جواب میں اپنی طاقت، عزم اور اتحاد کا مظاہرہ کیا۔ معرکہ حق اور آپریشن بنیان مرصوص میں ہماری فتح ہماری تاریخ کا ایک سنہری باب ہے۔ یہ کامیابی غیر متزلزل قومی عزم، بے مثال پیشہ ورانہ مہارت اور پوری قوم کے اتحاد کا ثبوت ہے۔ بھارت کی بلاجواز جارحیت کے جواب میں ہم نے تحمل، حکمت اور بھرپور قوت سے اپنے وطن کا دفاع کیا۔ دنیا نے دیکھا کہ پاکستان امن چاہتا ہے، مگر اپنی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ یہ فتح ہمارے عوام کے لیے نئے اعتماد کا ذریعہ بنی ہے۔ اس نے قوم کے حوصلے بلند کیے، اداروں پر اعتماد مزید مضبوط کیا اور پاکستان کے عالمی مقام کو مزید مستحکم کیا۔ آج دنیا پاکستان کو ایک ایسے ملک کے طور پر دیکھتی ہے جو امن کا خواہاں ہے مگر دباؤ کے آگے نہیں جھکتا۔ لیکن یہ لمحہ صرف عسکری کامیابی نہیں، بلکہ اس امر کی بھی یاددہانی کراتا ہے کہ جب ہم متحد، یکسو اور ایک مشترکہ مقصد کے لیے پرعزم ہوں تو ہم ہر شعبے میں کامیابی حاصل کر سکتے ہیں۔ اب ہمیں اسی جذبے کو اپنی معاشی بحالی، تعلیمی اصلاحات، تکنیکی ترقی، ادارہ جاتی اصلاحات اور ماحولیاتی تحفظ کی جانب لگانا ہوگا۔ یہی نظم، جرات اور حکمت جو بھارت کے خلاف حالیہ کامیابی کا باعث بنی، ہمیں غربت کے خاتمے، عوام کے لیے مواقع پیدا کرنے اور ایک منصفانہ اور ہمہ گیر معاشرہ قائم کرنے میں بھی کامیابی سے ہمکنار کر سکتی ہے۔
صدر مملکت نے کہا ہےکہ اس دن ہم بھارتی زیرِ قبضہ جموں و کشمیر کے عوام کے ساتھ اظہارِ یکجہتی بھی کرتے ہیں۔ ان کی جرات، انصاف اور حقِ خودارادیت کی جدو جہد ہمارے دل کے قریب ہے۔ پاکستان ان کے حقِ خودارادیت کے حصول تک کشمیروں کو غیر متزلزل سفارتی، اخلاقی اور سیاسی حمایت فراہم کرتا رہے گا۔
آئیے اس یومِ آزادی کو اپنی تاریخ کا ایک نیا باب بنا کر اور اپنے اختلافات سے بالاتر ہو کر ایک ایسے پاکستان کے لیے متحد ہوں جو انصاف، مساوات، ایمان اور خدمتِ خلق پر قائم ہو۔ اللہ تعالیٰ ہمارا حامی و ناصر ہو۔ آمین!
یہ بھی پڑھیں:جنوبی افریقن بیٹسمین ڈیوالڈ بریوس نے نئے ریکارڈ قائم کر دیئے